برطانیہ میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق عورتوں کے مقابلے میں مرد نہ صرف زیادہ جھوٹ بولتے ہیں بلکہ انہیں اس پر ندامت بھی نہیں ہوتی ہے۔

یہ سروے لندن کے سائنس میوزیم نے کیا ہے جس میں تین ہزار لوگوں نے شرکت کی ہے۔

سروے کے مطابق جائزے میں یہ بات بھی واضح ہوئی ہے کہ ایک عام برطانوی مرد ہر روز دن میں تین جھوٹ بولتا ہے اور اس تناسب سے وہ سال میں ایک ہزار بانوے جھوٹ بولتے ہیں۔

مردوں کے مقابلے میں متوسط برطانوی عورتیں دن میں دو جھوٹ بول کر دیانتداری کا مظاہرہ کرتی ہیں ۔ ایک متوسط عورت سال میں سات سو اٹھائیس مرتبہ جھوٹ بولتی ہے۔

سروے کے مطابق زیادہ تر جھوٹ لوگ ماں سے بولتے ہیں۔ جن میں پچیس فیصد مرد اور بیس فیصد عورتیں شامل ہیں۔

پچپن فیصد برطانوی مرد یہ سمجھتے ہیں کہ چاہے عورتیں کم جھوٹ بولیں مگر مردوں کی نسبت زیادہ بہتر طریقے سے جھوٹ بولتی ہیں۔

ماں کے مقابلے میں صرف دس فیصد لوگ اپنے شریک حیات سے جھوٹ بولتے ہیں

بیاسی فیصد عورتیں جھوٹ بولنے کے بعد احساس جرم میں مبتلا ہوتی ہیں جبکہ مردوں میں یہ تناسب ستر فیصد پایا جاتا ہے۔

اس سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ چوالیس فیصد لوگوں کو ایسا جھوٹ جو دوسرے کے جذبات مجروح نہ کرے انہیں قبول ہے۔

پچپن فیصد برطانوی مرد یہ سمجھتے ہیں کہ چاہے عورتیں کم جھوٹ بولیں مگر مردوں کی نسبت زیادہ بہتر طریقے سے جھوٹ بولتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق جھوٹ انسانی فطرت کا ایک ایسا عمل ہے جس سے بچا جا سکتا ہے مگر سماجی رابطوں میں یہ اہم ہے۔

سائنس میوزیم نے ایک ایسی گیلری کا آغاز کرنے جا رہی ہے جس میں دماغی سائنس جنیات اور انسانی روایوں کو واضح کیا گیا ہے