* کھانا تناول فرمانا *
کھانا کھانے کے بہت سے آداب اور سنتیں ہیں۔ جن میں سے چند ایک کا ذکر کریں گے تا کہ یاد رہیں اور عمل کرنے میں آسانی ہو۔۔۔ اللہ عزوجل قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے۔۔۔
کلو واشربو ولا تسرفو انہ لا یحب المسرفین۔۔۔
کھاؤ اور پیو ،،، لیکن اسراف نہ کرو کہ اللہ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔۔۔
حکماء فرماتے ہیں کہ اللہ عزوجل نے ان تین لفظوں میں آدھی طب بیان فرما دی ہے۔ کہ کھاؤ اور پیو لیکن حد اعتدال سے نہ بڑھو۔۔۔ تو ان شاء اللہ تندرست و توانا رہو گے۔ کہ اکثر بیماریاں معدے سے پھوٹتی ہیں۔۔۔
کھانا عبادت پر قوت حاصل کرنے کی نیت سے کھانا چاہئے نہ کہ لذت حاصل کرنے کی نیت سے۔ کہ اچھی نیت سے کھانا کھانا بذات خود ثواب کا کام بن جائے گا۔۔۔
روٹی کے اوپر سالن کی پلیٹ یا اور کوئی برتن نہ رکھیں کہ اس سے روٹی کی بے قدری ہوتی ہے۔ البتہ روٹی پر سالن رکھ کر کھایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر روٹی آ جائے تو سالن کا انتظار نہ کریں اور روٹی کھانا شروع کر دیں۔۔۔ کھانا بلند آواز سے
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم ۔۔ یا ۔۔ بسم اللہ وعلٰی برکت اللہ
پڑھ کر شروع کریں کہ اس سے شیطان کھانے میں شریک نہیں ہو سکے گا۔ اگر کھانے سے پہلے بسم اللہ پڑھنی یاد نہ رہے تو اس دوران جب یاد آئے اس طرح پڑھ لیں۔۔۔
بسم اللہ وعلٰی برکت اللہ ب اولہ وآخرہ۔۔۔ یعنی اللہ کے نام اور اس کی برکت سے اس کے اول میں اور آخر میں۔۔۔
اس طرح پڑھ لینے سے شیطان اپنا کھایا پیا الٹ دے گا یعنی قے کر دے گا۔۔۔
کھانا دائیں ہاتھ سے کھانا چاہئے۔ نوالہ خوب چبائیں کہ جتنا زیادہ لعاب دہن اس میں شامل ہو گا اتنا جلدی کھانا ہضم ہو گا۔
کھانا ایک ہی قسم کا ہو تو اپنے سامنے سے کھانا چاہئے لیکن اگر مختلف قسم کی ڈشز ادھر ادھر رکھی ہوں تو وہاں سے لے سکتے ہیں۔۔۔ اگر کوئی لقمہ وغیرہ گر جائے تو اس کو اٹھا کر صاف کر کے کھالیں کہ اس کی بڑی برکتیں ہیں۔۔۔
اگر کھانا پسند ہو تو کھا لیں اور پسند نہ ہو تو چھوڑ دیں لیکن اس کو برا نہ کہیں۔۔۔ کھانا مل جل کر کھانا باعث برکت ہے۔۔۔
گرم کھانے کو پھونک مار کر ٹھنڈا کرنا مکروہ ہے۔۔۔ کھانے کے شروع میں پانی پی لینا بعد میں پینے کی نسبت بہت بہتر ہے۔
کھانے کے بعد پلیٹ یا برتن کو صاف کر لیں کہ پھر برتن آپ کی مغفرت کے لئے دعا کرتا ہے۔۔۔
دسترخوان پر پڑے ہوئے ریزے اٹھا کر کھا لیں کہ آقا علیہ الصلاہ والسلام نے فرمایا ہے کہ جو شخص دستر خوان سے ریزے اٹھا کر کھائے گا اسے رزق میں وسعت حاصل ہوگی، فقروتنگدستی، برص و جذام کی بیماری سے محفوظ رہے گا اور اسے بے وقوف اولاد نہیں دی جائے گی۔۔۔
کھانے کے بعد انگلیاں چاٹ لینی چاہئیں اور ہاتھ رومال سے صاف کرنے کے بعد دھو کر کلی کر لینی چاہئے۔۔۔ کہ کھانے سے پہلے ہاتھ دھونا اور کلی کرنا غربت دور کرتا ہے اور کھانے کے بعد ہاتھ دھونا اور کلی کرنا رنج دور کرتا ہے۔۔۔
کھانے کے بعد یہ دعا پڑھ لیں۔۔۔
الحمد للہ الذی اطعمنا وسقانا وجعلنا من المسلمین۔
تمام تعریفیں اس اللہ کی ہیں جس نے ہمیں کھلایا ، پلایا اور مسلمانوں میں سے بنایا۔۔۔