ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں

پرل کا نیچرل پنک،
ریولان ہینڈ لوشن،
الزبتھ آرڈرن کا بلش آن بھی،
میڈورا میں پھر نیل پالش کا کوئی نیا شیڈ آیا؟
مرے اس بنفشی دوپٹے سے ملتی ہُوئی
رائمل میں لپ اسٹک ملے گی؟
ہاں،وہ ٹیولپ کا شیمپو بھی دیجئے گا،
یاد آیا
کچھ روز پہلے جو ٹیوزرلیا تھا، وہ بالکل ہی بیکار نکلا،
دُوسرا دیجئے گا!
ذرا بِل بنا دیجئے!

ارے! وہ جو کونے میں اک سینٹ رکھا ہُوا ہے
دکھائیں ذرا
اِسے ٹیسٹ کر کے تو دیکھوں
(خدایا! خدایا:
یہ خوشبو تو اُس کی پسندیدہ خوشبو رہی ہے
سدا سے اس کے ملبوس سے پھوٹتی تھی!)

ذرا اس کی قیمت بتا دیں!
اِس قدر!!
اچھا ،یوں کیجئے
باقی چیزیں کبھی اور لے جاؤں گی
آج تو صرف اِس سینٹ کو پیک کر دیجئے

پروین شاکر