حضرت جندب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے صبح کی نماز پڑھ لی وہ اللہ کے ذمہ وپناہ میں ہے (صحیح مسلم)
حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے دونوں ٹھنڈے وقت (نمازفجروعصر) کی نمازادا کی وہ جنت میں داخل ہوگا۔ ( صحیح بخاری وصحیح مسلم)
حضرت ابو زہیر عمارۃ بن رویبہ رضی اللہ عنہ سےروایت ہے انھوں نے کہا : میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوۓ سنا وہ شخص جہنم میں ہرگز نہ داخل ہوگا جس نے طلوع آفتاب اور غروب آفتاب سے فبل(یعنی فجر وعصر)کی نماز ادا کی۔( صحیح مسلم )
حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انھوں نے کہا : میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوۓ سنا کہ جس نے نماز عشاء باجماعت پڑھی گویا اس نے آدھی رات قیام کیا اور جس نے نماز فجر (مع نماز عشاء)باجماعت ادا کی گویا اس نے پوری رات نماز پڑھی ۔(صحیح مسلم )
حضرت ابوھریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :فجر اور عشاء کی نماز سے زیادہ گراں منافقین پر کوئ نماز نہیں اور اگر ان کو ان دونوں نمازوں کی فضیلت کا علم ہوجائے تو وہ ضرور حاضر ہوں خواہ گھسٹ کر آنا پڑے ۔(متفق علیہ )
سنت فجر کی فضیلت
سنت فجر سے مراد وہ دو رکعتیں ہیں جو نماز فجر سےپہلے ادا کیجاتی ہیں،بندۂ مومن ان دو رکعتوں سے دن کی نماز کا آغاز کرتاہے اور یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تاکیدی سنت ہے آپ نے اسپر مداومت کی ہے حتی کہ اسے سفر میں بھی ادا فرمایا اور کبھی اسے ترک نہ کیا بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ترغیب دلاتے ہوۓ فرمایا (رکعتا الفجر خیر من الدنیا وما فیھا ) فجر کی دورکعت( سنت)دنیا اور اس کی ساری چیزوں سے بہتر ہے (صحیح مسلم )