وہ کیا مصلحت تھی____؟؟؟
میں آغاز ہستی سےحوا کی صورت___
ہوں آدم کی خواہش کا اک شاخسانہ!
زمیں کو بسانے کا بس اک بہانہ!!!
کبھی حور صورت___
میں روز ابد نیکیوں کا صلہ ہوں
نہ جانے میں کیا ہوں؟
گلہ خالق کل سے کیسے کروں میں___
اسی کی رضا ہوں!
یہ ہے فخر آدم____
کہ بس ابن آدم
امین خدا ہے،قرین خدا ہے!
مری ہستی کیا ہے ؟
فقط واسطہ ہے!
یہ تسلیم ہے_____
بار گاہ خدا میں___
مری کاوشوں کو بھی شرف پذیرائ بخشا گیا ہے
صحیفوں میں ____
میں عابدہ،مومنہ ،صالحہ تھی!
مگر جب فرشتوں نے آدم کو سجدہ کیا تھا ___
تو حوا کہاں تھی؟؟؟
میں روحوں کے اقرار کے وقت____
جانے کہاں ،کونسی صف میں تھی ؟
یا نہیں تھی___؟؟؟
اگر تھی تو اقرار بھی تو کیا تھا
عدم میں اگر روح خود مکتفی تھی___
تو پھر مالک کن فکاں کی وہ کیا مصلحت تھی____
کہ میں دوسری تھی؟؟؟..........