نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ ابھی تک بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کیلیے کھلاڑیوں کو این او سی کے اجرا کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کرسکا ہے۔ حتمی فیصلہ چیئرمین ذکاء اشرف پیر کو وطن واپس جانے کے بعد کریں گے۔ تاہم لگتا ہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے دورئہ پاکستان منسوخ کیے جانے پر پی سی بی کی جانب سے دکھائی جانے والی برہمی میں کچھ کمی آئی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ بنگلہ دیش لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے ۔ تاہم اس وقت تک پاکستان نے اپنے51 کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش لیگ کے لئے اجازت دینے سے انکاری ہے۔ پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر نے جنگ کو بتایا ہے کہ ہونا یہی چاہیے کہ پاکستان وعدہ خلافی پر اپنے کرکٹرز کو روکے لیکن اس بارے میں تمام تر فیصلے کا اختیار چیئرمین کے پاس ہے ابھی تک اس بارے میں چیئرمین نے کوئی واضح ہدایات نہیں دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت کے ساتھ اس سال جولائی اگست میں انگلینڈ میں دو ٹیسٹ کی سیریز کھیلنا چاہتا ہے لیکن اس بارے میں بھی بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ چیئرمین ذکاء اشرف نے اس بارے میں اپنے ہم منصب سری نواسن سے بات کی ہے لیکن انہوں نے کہا کہ ہمارے شیڈول پہلے سے طے شدہ ہے۔ اپنے رفقاء سے بات کرکے کوئی حتمی جواب دیں گے۔