وه آئے....
قادیانی مارنے...
میں چپ رهی
میں بولتی بھی کیوں؟
تمهیں معلوم هے
میں قادیانی تو نهیں تھی!
وه آئے....
هندؤں کو مارنے
میں بولتی کیسے؟
بھلااب هندؤں کے واسطے
سچے مسلماں بولتے کیا اچھے لگتے هیں؟
وه آۓ....
ارض پاکستان کو عیسائیوں سے پاک کرنے...
چپ کھڑی
سارا تماشا دیکھتی تھی میں
مگر کیوں بولتی؟
کیامیں عیسائی تھی؟
وه آئے...
قتل کرنے
سارے شیعه...
مارتے جاتے تھے، چن چن کر
گھروں میں...
اور بسوں میں...
بارگاهوں میں...
کئ مذبوح،بے گور وکفن لاشیںپڑی
میں نے ،خود اپنی جاگتی آنکھوں سے دیکھی تھیں
مگر میں چپ رهی
اب، ایک سنی العقیده؛راسخ الایماں مسلماںکو...
بھلا کیا زیب دیتا؟
کافروں کے حق میں
کچھ بھی بولنا ....
اک کفر هی تو هے!
وه آئے...
آج میرے گھر میں
اف!خونخوار آنکھیں...
دیکھتے هو؟
میں،لرزتی کانپتی پھرتی هوں...
چھپنے کی جگه کوئی نهیں هے
میری سنتے هو؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟
'' کوئی هے؟؟؟
کوئی بتلائے...
کیا ،کیا میں نے؟
میرے حق میں کوئی تو یه بولے
میں مسلماں هوں!
کوئی تو که دے ،ان سے...
ایک انساں هوں
انھی کی طرح جیتی جاگتی...
کیوں جان کے درپے هیں میری؟
کوئی تو روکے.....!''
هے چاروں سمت کیوں
پر هول سناٹا...؟؟؟
فقط قاتل هیں
اور میں هوں!
خدایا!اف خدایا!
یاد آیا....
میری چپ نے تو...
کبھی کا...
سب کے ،سب کو
مارڈالا هے۔۔۔۔۔
(عارفه شهزاد)