*آخری خواہش*
میری آنکھوں سے بہنے والے،منجمند
پتھرائے ہوئے آنسو۔۔َ!
جس دن یہ بھی بہنا بند کر دیں گے
اس دن تمہیں یہ خیال آئے گا
کہ
تم نے محبتوں کو تراشتے تراشتے
مجھے مداری کی گڑیا سمجھ لیا تھا
اور کسی مداری کے کرتب کی طرح
تم نے میرا تماشا دیکھا تھا
تم نے کب سوچا تھا کہ
یہ کانچ کی گڑیا جب تمہارے ہاتھوں سے چھوٹ گرے گی
تو تمہاری یہ فگار انگلیاں
اس کی کرچیوں کو سمیٹتے سمیٹتے لہو روئیں گی
خیر۔۔۔
میری جان۔۔ میری کرچیوں کو
(تمہاری گڑیا کی کرچیوں کو)
بھلے تم دریا برد کرو
بھلے ان کو کسی اجاڑ قبرستان میں دفن کر دو
لیکن وعدہ کرو۔۔۔!
وعدہ کرو کہ ان منجمند
پتھرائے ہوئے آنسوؤں کو ہمیشہ سنبھال کر رکھو گے۔۔۔