اِگ نوبیل انعام مشہور نوبیل انعام کا مزاحیہ ورژن ہے
محققین کی ایک ٹیم نے اِگ نوبیل انعام جیت لیا ہے جس نے تحقیق میں ثابت کیا کہ شراب نوشی کے بعد لوگ اپنے آپ کو زیادہ دلکش سمجھنا شروع کردیتے ہیں۔
یہ ریسرچ فرانس اور امریکہ کے سائنسدانوں نے کی تھی اور اس تحقیق کو ’بیئر گوگل ایفیکٹ‘ کا نام دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اِگ نوبیل انعام مشہور نوبیل انعام کا مزاحیہ ورژن ہے۔
اِگ نوبیل انعام کی تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو تقریر کے لیے صرف ساٹھ سیکنڈ دیے جاتے ہیں اور اس کے بعد ایک آٹھ سالہ لڑکی ان کو زبردستی سٹیج سے اتار دیتی ہے۔
اِگ نوبیل کی تقریب امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی میں ہوئی۔
اِگ ایوارڈ جیتنے والوں میں ہائی جیکر کو جال میں پھنسا کر جہاز سے نیچے پھینکنے کے پیٹنٹ اور کیا گائے زیادہ دیر کھڑی رہے گی یا بیٹھی رہے گی کی تحقیق شامل ہیں۔
اگرچہ یہ ایوارڈ بڑے مزاحیہ طریقے سے دیے جاتے ہیں لیکن جن تحقیقات پر امعام دیے جاتے ہیں وہ سنجیدہ نوعیت کی تحقیقات ہوتی ہیں۔
اِگ نوبیل انعام جن کو ملا ان کی فہرست یہ ہے:
طب
سائنسدانوں کو ملا جنہوں نے تحقیق کی تھی کہ چوہے دل کے آپریشن کے بعد زیادہ عرصہ زندہ رہتے ہیں اگر وہ اوپرا سنیں۔
نفسیات
سائنسدانوں نے تحقیق کی تھی کہ لوگ شراب پینے کے بعد اپنے آپ کو زیادہ دلکش سمجھتے ہیں۔
سیفٹی انجنیئرنگ
یہ انعام امریکہ کے مرحوم گستانو پیزو کو ملا۔ انہوں نے ایک الیکٹرو مکینیکل نظام تیار کیا تھا جس کے تحت جہاز کو ہائی جیک کرنے والے کو کس طرح پھنسایا جائے۔ تیار کردہ نظام ہائی جیکر کو ایک ٹریپ دروازے سے ایک پیکج میں بند کرتا ہے اور پھر ہوائی جہاز کے خصوصی دروازے سے پیراشوٹ کے ذریعے نیچے پھینک دیا جاتا ہے جہاں پولیس پہلے ہی اس کا انتظار کر رہی ہو۔
طبیعیات
سائنسدانوں کی ٹیم نے دریافت کیا کہ کچھ لوگ تالاب کی سطح پر دوڑنے کے قابل ہوتے ہیں اگر وہ لوگ اور تالاب چاند پر ہوں۔
امن انعام
یہ انعام بیلاروس کے صدر کو دیا گیا کیونکہ انہوں نے عوامی جگہوں پر تالیاں بجانے کی ممانعت کی ہوئی ہے۔ اور ان کے ساتھ بیلاروس کی ریاستی پولیس کو بھت امن انعام سے نوازا گیا کیونکہ اس نے اس شخص کو عوامی جگہ پر تالیاں بجانے کے جرم میں گرفتار کیا جس کا ایک بازو نہیں تھا۔
امکانات
یہ انعام سائنسدانوں کی دو ٹیموں کو دیا گیا ہے۔ ایک نے تحقیق کی کہ جتنی دیر گائے لیٹی رہتی ہے تو امکان بڑھ جاتا ہے کہ گائے جلد اٹھ کھڑی ہو گی۔ اور دوسری تحقیق یہ تھی کہ جب گائے اٹھ کھڑی ہوتی ہے تو اس بات کا اندازہ لگانا بہت مشکل ہو جاتا ہے کہ یہ گائے کتنی دیر بعد پھر لیٹے گی۔