حویلیاں: وزیراعظم نواز شریف نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 18 پیسے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کردیا۔
حویلیاں میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ ماہ کے لئے پیٹرول کی قیمت 9 روپے 66 پیسے کمی کی جارہی ہے، جس سے پیٹرول کی نئی قیمت 84 روپے 53 پیسے ہوجائے گی، ہائی آکٹین کی قیمت 10 روپے 18 پیسے کمی کے بعد106 روپے 27 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 34 پیسے کی کمی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 12 پیسے سستا ہوکر 94 روپے 9 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 39 پیسے فی لیٹر سے 77 روپے 98 پیسے ہوجائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہوگی جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی کو بھی قابو میں کیا جاسکے گا اور انہیں امید ہے کہ دھرنے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اعتراض نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر سے زائد کی کمی کی تھی اور حالیہ کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2008 کی سطح پر آگئیں۔