شارجہ: نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 80 رنز شکست دے دی ہے، پاکستانی کھلاڑی دوسری اننگز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 259 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 148 گیندوں پر 137 رنز بنائے لیکن ان کے علاوہ اور کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور سرفراز احمد 34، محمد حفیظ 24، یاسر شاہ 10، شان مسعود 4، اظہر علی 6، مصباح الحق 12، محمد طلحہٰ 19 اور راحت علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یونس خان کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، دوسرے نمایاں بولر مارک کریگ تھے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ ایش سوڈھی نے 2 اور ڈینئل ویٹوری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے مارک کریگ کو میچ میں بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ اور قومی ٹیم کے محمد حفیظ کو سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 690 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو مارک کریگ 34 اور ایش سوڈھی صفر پر بیٹنگ کر رہے تھے، مارک کریگ 65 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بنے جب کہ ایش سوڈھی 22 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور محمد طلحہ نے 4،4 جب کہ محمد حفیظ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 351 رنز بنائے تھے جس میں محمد حفیظ کے شاندار 197 رنز شامل تھے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک کریگ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کا شکار کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں کپتان برینڈن میک کولم نے شاندار ڈبل سنچری جب کہ کین ولیمسن نے 192 رنز بنائے۔