اسلام آباد: الیکشن کمیشن نےگزشتہ4عام انتخابات میں چھپنےوالے اضافی بیلٹ پیپروں کی تفصیلات جاری کردیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مسلسل تنقید کے بعد انتخابات 2013 سمیت چار عام انتخابات میں چھپنے والے بیلٹ پیپروں کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق 2013 کے انتخابات میں 93 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اضافی بیلٹ پیپروں کی چھپائی معمول کا حصہ ہے اور چھاپے گئے تمام بیلٹ پیپروں کا مکمل ریکارڈ موجود ہے جس کے مطابق1997 کے انتخابات میں 83 لاکھ 40 ہزار، 2002 میں 94 لاکھ اور 2008میں 90 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ بیلٹ پیپرز کی اضافی چھپائی کوئی نئی بات نہیں کیوں کہ یہ معمول کے مطابق ہوئی ہے جس کا تمام ریکارڈ دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 55 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپ کر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو انتخابات 2013 میں کامیاب کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔