دبئی: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لئے 145 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور کپتان کین ولیمسن اور اینٹن ڈیوچچ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز کی شراکت قائم کی تاہم پھر اینٹن ڈیوچچ 21 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ صرف ایک رن کے اضافے سے گری اور 50 کے مجموعی اسکور پر ڈین براؤن لائی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 58 رنز کے مجموعے پر نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کین ولیمسن بھی 32 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے وال کھلاڑی روس ٹیلر تھے جو 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹام لیتھم 26، لوک رونکی 31، ڈینئل ویٹوری صفر اور نیتھن میک کولم 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی اور عمر گل نے 2، 2 جبکہ سہیل تنویر، رضا حسن اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی شاہینوں نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔