ممبئی: بالی ووڈ کی نامور اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو ایک نوجوان کی جانب سے مبینہ طور پر بھتے کی دھمکیاں دی گئیں اور رقم فراہم نہ کرنے کی صورت میں بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 سالہ نوجوان پراوین کمار پرادھان کی جانب سے مبینہ طور پر بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو بھتے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر بھتے کی رقم مطلوبہ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر نہ کی گئی تو ان کے بچوں کو قتل کر دیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق پراوین کمار نے مادھوری کو 4 دھمکی آمیز میسجز بھیجے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ دھمکیاں موبائل پر میسج کے ذریعے دی گئیں یا پھر واٹس ایپ کے ذریعے۔ نوجوان نے میسیج میں اپنا تعلق بھارت کے بدنام زمانہ چھوٹا راجن گینگ سے بتایا۔
ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز میسجز بھیجنے والا نوجوان ایک ریستوران میں ویٹر ہے اور اسے گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔