دبئی: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن بھی دائو پر لگ گئی، گرین شرٹس کو مزید تنزلی سے بچنے کیلئے ہر صورت نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنا ہوگی، کیویز 3-2 سے بھی میدان مار کر آگے نکل جائیں گے، پلیئرز کے پاس اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کا بھی موقع موجود ہے۔



تفصیلات کے مطابق پاکستان اس وقت ون ڈے رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود اور ساتویں پوزیشن کے حامل نیوزی لینڈ سے اس کا صرف دو پوائنٹس کا فاصلہ ہے، دونوں کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز پیر سے ہورہا ہے۔ پاکستان کو اپنی چھٹی پوزیشن بچانے کیلیے ہر صورت میں نیوزی لینڈ کو کم سے کم 3-2 سے ٹھکانے لگانا ہوگا لیکن اگر اسی مارجن سے کیویز فتحیاب ہوتے ہیں تو وہ ایک اعشاریائی پوائنٹ آگے نکل جائیں گے، اس صورت میں پوائنٹس دونوں ٹیموں کے برابر ہی رہیں گے اور اگر نیوزی لینڈ نے 4-1 سے فتح پائی تو چھٹی پوزیشن پر اس کا قبضہ پکا ہوجائے گا جبکہ گرین شرٹس کو ساتویں نمبر پر جانا پڑے گا، پاکستان اگر کلین سوئپ کرلیتا ہے تب بھی اس کے آگے جانے کا انحصار انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کے نتائج پر ہوگا۔



دوسری جانب دونوں سائیڈز میں سے سب سے زیادہ ہائی رینک بیٹسمین نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر ہیں جوکہ دسویں نمبر پر موجود ہیں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل نہیں تاہم ٹاپ 20 میں تین کھلاڑی مصباح الحق 13 ویں، احمد شہزاد 18 ویں اور محمد حفیظ 20 ویں نمبر پر موجود ہیں۔



بولرز رینکنگ میں کائل ملز 14 ویں نمبر پر ہیں اگرچہ سعید اجمل ٹاپ اور حفیظ 7 ویں نمبر پر ہیں لیکن دونوں پر ہی غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی نے پابندی عائد کردی ہے۔ محمد عرفان کا 27 واں، آفریدی کا 37 واں اور عمرگل کا 56 واں نمبر ہے، عالمی بولرز رینکنگ میں سہیل تنویر 85 ویں اور وہاب ریاض 89 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔