m72.jpg
ﷺ
نعت رسولؐ عربی
اُس کی الفت سے مزین ہے مرے دل کا ورق
وہ رسولؐ عربی، ہادیؐ دین برحق
میرے ایماں کا صحیفہ ہے مرتب اُس سے
جس میں ابہام ہے کوئی، نہ مضامین ادق
وہ بلاغت کا سمندر، وہ فصاحت کا جہاں
وہ کہ ہے کاشف مفہوم کلام مغلق
لب اظہار جو ہو اُس کی صداقت پہ گواہ
سن کے کفار بھی بے ساختہ کہہ دیں، صدق!،
نسب و رنگ کی تفریق مٹا کر اُس نے
بخشا مخلوق الٰہی کو مساوات کا حق
چارسو چھا گیا جب اُس کے کرم کا بادل
کھل اٹھے دشت و بیاباں میں گلاب و زنبق
اُس کی رحمت سے ہوئی عطر فشاں خاک حجاز
اُس کے دم سے چمن دہر میں آئی رونق
بس یہی ایک تمنا ہے، دم آخر تک
مدح سرکارؐ دو عالم میں رہوں مستغرق
یہ بھی ہے مدح پیمبرؐ کا کرشمہ خالد
میری پلکوں کے اُفق پر ہے ضیا ریز شفق