m73.jpg
ﷺ
توصیف شہنشاہ زمنؐ
یوں نہ ہو میرا شبستان مقدر روشن
لکھنے بیٹھا ہوں میں توصیف شہنشاہؐ زمن
وہ شہنشاہؐ جہاں جس کے تبسم پہ نثار
لالہ و گل کی مہک ،سنبل و سوسن کی پھبن
مستند ہے فصحا کے لیے ہر قول اُس کا
گفتگو جس کی حکم، جس کا سخن مستحسن
ہے پنہ گاہ غریب الوطناں شہر اُس کا
اُس کا دربار ہے سب غم زدگاں کا مامن
برسا الطاف و عنایات کا جب ابر مطیر
نکہت و نور سے لبریز ہوئے برگ و سمن
دشمنوں پر بھی سحاب کرم اُس کا برسے
اُس کی رحمت ہے گنہگار پہ بھی سایہ فگن
اُس کے مہتاب کی کرنوں سے درخشاں ہو جہاں
ظلمت کفر کے وہ چاک کرے پیراہن
کر گئی ظلمت دنیا میں اجالا خالد
اُس کے خورشید جہاں تاب کی ایک ایک کرن