سلمان بٹ کی نگاہیں قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی پر مرکوز
aa.jpg

محنت اور اچھی کارکردگی کی صورت میں کافی کچھ تبدیل ہو سکتا ہے ،سابق کپتان

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کی انجری کے نتیجے میں فرنچائز کا حصہ بننے والے سابق قومی کپتان سلمان بٹ نے اپنی نگاہیں قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی پر مرکوز کردی ہیں جن کا کہنا ہے کہ محنت اور اچھی کارکردگی کی صورت میں کافی کچھ تبدیل ہو سکتا ہے ۔پی ایس ایل فور میں شرکت کیلئے یو اے ای روانگی سے قبل سلمان بٹ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر ان کی کارکردگی اچھی رہی اور وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں مددگار ہوئے تو پھر کافی کچھ تبدیل ہو سکتا ہے ۔محمد حفیظ کی انجری کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں یہ اونچ نیچ آتی رہتی ہے جس پر کوئی بھی کنٹرول نہیں کر سکتا البتہ وہ محمد حفیظ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ جلد صحتیاب ہو جائیں اور امید ہے کہ وہ قومی ٹیم میں واپس آجائیں گے ۔34 سالہ سلمان بٹ گزشتہ تین سال سے عمدہ ڈومیسٹک کارکردگی کے باوجود قومی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کئے جاتے رہے جنہوں نے نوجوان اوپنرز فخر زمان اور امام الحق پر زیادہ بھروسہ کیا لیکن بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر انہوں نے تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ سلمان بٹ کے مطابق سیکھنے کی بات یہ تھی کہ وہ خود کو اس طویل عرصے میں متحرک کس طرح رکھیں اور اپنے بلاوے کا انتظار کرتے رہیں لیکن اللہ کا شکر ہے کہ یہ موقع مل گیا اور اب وہ اس کا فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے ۔