میکسیکن اوپن:آسٹریلین پلیئرنک کیرگیوس نے ٹائٹل جیت لیا
فائنل میں نمبر دو سیڈ الیگزینڈر زویریو ناکام،ویمنز سنگل ٹرافی پرچین کی یفان وانگ نے قبضہ کرلیا
اکاپولکو،ساؤپالو(اسپورٹس ڈیسک)میکسیکن اوپن کا مینز سنگل ٹائٹل آسٹریلیا کے نک کیرگیوس اور ویمنز ٹرافی چین کی یفان وانگ نے جیت لیا جبکہ برازیل اوپن کے فیصلہ کن معرکے میں ارجنٹائن کے گائیڈو پیلا فتحیاب رہے ۔مینز سنگل مقابلوں میں آسٹریلیا کے 23سالہ کھلاڑی نک کیرگیوس نے نمبر دو سیڈ جرمن حریف الیگزینڈر زویریو کو چھ،تین اور چھ،چار سے ہرا کر اے ٹی پی کیریئر کا پانچواں ٹائٹل جیت لیاجس کے نتیجے میں پانچ سال کے دوران ان کی گزشتہ ہفتے کمترین72ویں رینکنگ میں بھی بہتری آگئی کیونکہ وہ ٹاپ 30میں واپس پہنچ گئے ہیں ۔اسی ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل فائنل میں چین کی یفان وانگ نے نمبر پانچ سیڈ امریکی کھلاڑی صوفیہ کینن کو دو،چھ،چھ،تین اور سات، پانچ سے اپ سیٹ شکست دے کر کیریئر کا اولین ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیت لیا ۔ برازیل اوپن کے فائنل میں نمبر تین سیڈ ارجنٹائن کے گائیڈو پیلا نے چلی کے کرسچین گارین کو سات،پانچ اور چھ،تین سے ہرا کر اولین اے ٹی پی ٹائٹل جیت لیا۔ اوریکل چیلنجرز سیریزکی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی جب وکٹوریہ گولوبچ نے سیمی فائنل میں چیانگ وانگ کو سات،پانچ اور چھ،ایک سے مات دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی جہاں ان کا سامنا جینیفر براڈی سے ہوگا۔