پی ایس ایل: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 25 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 125 رنز کا ہدف دیا جو زلمی نے کپتان ڈیرن سیمی اور مصباح الحق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی آدھی ٹیم 20 رنز پر آؤٹ ہوگئی تاہم بعدازں کپتان ڈیرن سیمی اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار 100 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، مصباح الحق نے 59 اور سیمی نے 46 رنز سکور کیے۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز ہی مایوس کن رہا اور اوپنر اینٹن ڈیویچ 12 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان بھی 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
حارث سہیل، ڈیوڈ ویز اور عمیر مسعود نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ لاہور کی جانب سے حارث سہیل 43، ڈیوڈ ویز 26 اور عمیر مسعود 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے ملز نے 3، ثمین گل نے 2، ڈاؤسن اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔