فضا میں پرواز کرنے والی موٹرسائیکل فروخت کیلئے پیش
481560 94072720 - فضا میں پرواز کرنے والی موٹرسائیکل فروخت کیلئے پیش

کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) اگر آپ مسلسل ٹریفک جام سے اکتا گئے ہیں تو اڑن کٹھولے کی طرح اڑن موٹرسائیکل کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ یہ 109 کلو تک وزن اٹھا سکتی ہے، نیوی گیشن کیلئے 12 انچ ٹچ سکرین نصب کی گئی ہے۔

اس سواری کو امریکی کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے اور ’’دی سپیڈر‘‘ نامی موٹرسائیکل کو دنیا کی پہلی پرواز کرنے والی موٹرسائیکل قرار دیا جاسکتا ہے، دی سپیڈر کی قیمت تین لاکھ 80 ہزار ڈالر یعنی پانچ کروڑ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

یہ دورانِ پرواز ازخود سیدھا ہوتا ہے جس کیلئے سٹیبلائزر اور جائروسکوپ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ یہ موٹرسائیکل جیٹ ٹربائن انجن کی بدولت اڑتی ہے اور زیادہ سے زیادہ 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک جا پہنچتی ہے۔

دی سپیڈر مسلسل 20 منٹ تک 15 ہزار فٹ کی بلندی پر محوپرواز رہ سکتی ہے۔ اسے بنانے والی کمپنی نے مسلسل کئی برس سے اسے مختلف آزمائشوں سے گزارا ہے جس میں اب چار ٹربوجیٹ انجن نصب ہیں۔

پوری گاڑی کا وزن 105 کلوگرام ہے جبکہ 109 کلوگرام وزنی پائلٹ کو لے کر یہ پرواز کرسکتی ہے، پوری سواری ہاتھوں سے کنٹرول ہوتی ہے۔ نیوی گیشن کیلئے 12 انچ ٹچ سکرین نصب کی گئی ہے۔ اس کے فی الحال دو ورژن استعمال کیے گئے ہیں، ایک فوجی مقاصد کیلئے ہے اور دوسری عام تفریح کی سواری ہے۔