بد بو دار سانسوں سے نجات
محمد اقبال
سانسوں سے آنے والی بدبو دوسروں کو ناگوار گزرتی ہے اور فرد محفل میں یا کسی دوست کے سامنے گفتگو کرنے سے گریز کرنے لگتا ہے۔ آنے والی بدبو سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے دانتوں، زبان اور منہ کو صاف رکھا جائے۔ بدبو دار سانسوں سے بچنے کے لیے مندرجہ ذیل کام کریں: ٭ دانتوں اور مسوڑھوں کو دن میں دو بار دو منٹ کے لیے آرام سے برش کریں۔ ٭ فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں۔ ٭ دن میں ایک بار اپنی زبان کو سکریپر یا کلینر سے صاف کریں۔ ٭ دانتوں کے درمیان صفائی کرنے والا برش استعمال کریں یا دن میں ایک بار فلاس کریں۔ ٭ دانتوں کا باقاعدگی سے معائنہ کروائیں۔ ٭ اگراترنے والے مصنوعی دانت لگے ہیں تو انہیں صاف رکھیں اور رات کو اتار کر سوئیں۔ ٭ جن کھانوں کے بعد تیز بو آتی ہیں، انہیں کھانے کے بعد شوگر فری مِنٹ یا چیونگم استعمال کریں۔ ٭ اینٹی بیکٹیریل ماؤتھ واش یا ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں۔ بدبودار سانسوں کی صورت میں مندرجہ ذیل چیزوں سے بچیں: ٭ سگریٹ نوشی مت کریں۔ ٭ برش کرتے ہی پانی سے منہ صاف نہ کریں۔ ٭ ایسے مشروب اور خوراک نہ لیں جن میں شکر زیادہ ہو۔ ٭ اتنی سختی سے برش نہ کریں کہ مسوڑھوں یا زبان سے خون آنے لگے۔ بدبو دار سانسوں کی مندرجہ ذیل وجوہات ہوتی ہیں: ٭ تیز بو یا مرچ مصالحوں والے کھانے کھانا یا مشروبات پینا۔ ٭ دانتوں یا مسوڑھوں کے مسائل، مثلاً دانتوں میں سوراخ یا انفیکشن۔ ٭ وزن کم کرنے کے لیے خوراک میں کمی۔ ٭ بعض بیماریاں مثلاً گلے کی گلٹیوں کا سوجنا (ٹونسیلیٹس) یا تیزابیت۔ ٭ سگریٹ نوشی۔ مندرجہ ذیل صورتوں میں ڈینٹسٹ سے رجوع کریں: ٭ چند ہفتے مذکورہ بالا طریقے اپنانے کے باوجود اگر سانسوں کی بدبو نہ جائے۔ ٭ مسوڑھوں میں درد ہو، خون آئے یا وہ سوج جائیں۔ ٭ بلوغت کے بعد دانت ہلنے لگیں یا کمزور ہو جائیں۔ ٭ مصنوعی دانتوں میں خرابی پیدا ہو جائے۔ ٭…٭…٭