سائنسدان انٹارکٹکا میں سبزآئس برگز کی اصلیت جاننے کیلئے پریشان
1399373 43131230 - سائنسدان انٹارکٹکا میں سبزآئس برگز کی اصلیت جاننے کیلئے پریشان

انٹارکٹکا براعظم میں ایسے قدرتی عجوبے موجود ہیں جو دہائیوں سے سائنسدانوں کیلئے الجھن کا باعث بنے ہوئے ہیں

انٹارکٹکا(نیٹ نیوز)انٹارکٹکا براعظم میں ایسے قدرتی عجوبے موجود ہیں جو دہائیوں سے سائنسدانوں کیلئے الجھن کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ان میں سے ہی سبز رنگ کے متعدد آئس برگز کی موجودگی ہے جو دہائیوں سے اس براعظم کو دیکھنے کیلئے جانیوالے سیاحوں اور سائنسدانوں کیلئے معمہ بنے ہوئے ہیں اور اس پر متعدد سائنسی مقالے بھی شائع ہوئے ۔سائنسدان جاننا چاہتے تھے کہ آخر برف کی اس رنگت کی وجہ کیا ہے اور یہ اب تک برقرار کیوں ہے ۔ یہ آئس برگ 1988 میں ایک آسٹریلین مہم کے دوران دریافت کیا گیا۔واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہر ارضیات سٹیفن وارن نے اس طرح کی ایک چٹان پر چڑھ کر اس کا قریب سے جائزہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ ان برفانی چٹانوں میں حیران کن چیز ان کی رنگت نہیں بلکہ ان کی شفافیت تھی کیونکہ اس میں بلبلے نہیں ، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ کوئی عام آئس برگز نہیں۔ سٹیفن وارن نے ایک خیال پیش کیا کہ ان آئس برگز کی رنگت کی وجہ اس علاقے میں آئرن کی سطح بہت زیادہ ہونا ہے ۔سائنسدان کے اس خیال کو درست ثابت کرنے کیلئے ابھی مختلف آئس برگ کی سطح کے تجزئیے کئے جائیں گے جس کے بعد حتمی رائے کا اظہار کیاجائے گا۔