قوم آج یوم پاکستان قومی جوش وجذبے کیساتھ منائے گی
پوری قوم آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کیساتھ منائے گی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
تقریبات کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کی مرکزی تقریب ہو گی جس میں صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام شریک ہوں گے۔
یوم پاکستان کی تقریبات کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ یوم پاکستان کی پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے حصہ لیں گے۔
مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہوں گے۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، غیر ملکی سفارت کار اور اعلیٰ عسکری و سول حکام شریک ہوں گے۔
تقریب میں آزربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسینوف، بحرین کی آرمی کے سربراہ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور عمان کے سینئر ملٹری حکام بھی شریک ہوں گے۔
تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروسز گروپ اور خواتین کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔ سعودی عرب اور آزربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں حصہ لیں گے جبکہ پہلی بار بحرین، سری لنکا، سعودی عرب اور آزربائیجان کے پیراٹروپیرز بھی فری فال کا مظاہرہ کریں گے۔
ترکی کا ایف سولہ اور چین کے جے ٹین طیارے فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گے۔ ائیر دیفنس کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ ہوگا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور فلائی مارچ پاسٹ کی قیادت کریں گے۔
آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز پر مشتمل دستے تین سو فٹ کی بلندی پر فلائی مارچ پاسٹ، پاکستان آرمی، نیوی اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز 10 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کریں گے۔
انفنٹری کی مختلف رجمنٹس کے دستے، مکینائزڈ انفنٹری، آرمڈ کور اور ایس پی ڈی کے تحت مختلف رینج کے میزائل بھی پریڈ میں شامل ہوں گے۔
پاک بھارت کشیدگی کے باعث رواں برس یوم پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ رواں سال یوم پاکستان پریڈ کا نعرہ پاکستان زندہ باد رکھا گیا ہے۔ سرحد پر کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان نے طبل جنگ بجانے کے بجائے باوقار رویے کا اظہار کیا۔
یوم پاکستان کے موقع پر عوام، فنکاروں، صحافیوں اور تارکین وطن کے خصوصی پرومو بھی جاری کیے گئے ہیں۔