اسلاموفوبیا کو بھی دہشتگردی قرار دیا جائے، او آئی سی کا مطالبہ
استنبول: (دنیا نیوز) آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) نے کرائسٹ چرچ واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف یکجہتی کا دن قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق استنبول میں کرائسٹ چرچ واقعہ کے بعد ہنگامی طور پر بلائے گئے او آئی سی اجلاس میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس دن کو اسلامو فوبیا کیخلاف یکجتی کا دن قرار دے۔
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دی گئی چاروں تجاویز آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن کے اعلامیہ کا حصہ بن گئی ہیں۔
شاہ محمو قریشی نے کہا کہ اسلاموفوبیا کو بھی دہشت گردی میں شمار اور اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے موضوع پر الگ سیشن کا انعقاد کیا جائے جبکہ او آئی سی چیئرمین سوشل میڈیا پر سے اسلام مخالف مواد ہٹانے میں کردار ادا کریں اور اسلامو فوبیا کے واقعات پر نظر رکھنے کے لیے نمائندہ خصوصی کی تعیناتی کی جائے۔
او آئی سی کے اجلاس میں نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹر نے بھی شرکت کی اور کہا کہ مسلمانوں پر حملہ ہم پر حملہ ہے۔ حقائق تک پہنچنے کے لیے نیوزی لینڈ کی تاریخ کی سب سے بڑی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔