صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
سرکارِ مدینہ کی عظمت کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
رحمت اور پھر جانِ رحمت کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
نعتِ شہِ والا سن سن کر ، ملتا ہے سکوں کتنا دل کو
جو قلب کو ملتی ہے راحت ، کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
اُمت کو نبیﷺ سے ہے نسبت، یہ نسبت حق کی ہے قربت
یہ شانِ نبی شانِ اُمت ، کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
یہ محفل نعت و ثنا خوانی ، رحمت کی جہاں پر ارزانی
یہ رحمت نسبت در نسبت ، کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
وہ نور سراپا نورِ خدا ، ہر عرشی فرشی جس پر فدا
بندوں میں بشر بن کر وہ رہا ، کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
مداح نبیﷺ کا یہ رُتبہ ہے آلِ محمدﷺ کا صدقہ
کیوں اتنی ادیبؔ کی ہے عزت ، کوئی کیا سمجھے کوئی کیا جانے
----------
شاعر۔ سید محمد حسین ادیب رائے پوری
مجموعہ نعتﷺ ۔ خوشبوئے ادیبؔ