پی ایس ایل پرفارمنس پر کرکٹرز کا انتخاب بند کیا جائے ، راشد لطیف
آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کی شکست کا اثرورلڈ کپ مہم میں پڑ سکتا ہے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کارکردگی پر کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈ میں منتخب کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں شکست کا اثر قومی کھلاڑیوں کے مورال پر پڑے گا اور ورلڈ کپ میں ان کی پرفارمنس بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ راشد لطیف نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں شکست کے اصل ذمہ دار پی سی بی چیئرمین احسان مانی ہیں۔ گزشتہ روز انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ، چیف سلیکٹر اور کپتان پر تنقید کی جا رہی ہے لیکن ناکامی کے اصل ذمہ دار کا کوئی نوٹس نہیں لے رہا ہے ۔ راشد لطیف کے مطابق پاکستان واحد ملک ہے جس کے کرکٹ بورڈ کا سربراہ سلیکٹڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کو قومی کرکٹ کیلئے مربوط پلان دینے کی ہدایت کی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی اعزازی طور پر کام کرتا ہے تاہم باقاعدہ انتخاب کر کے اسے ماہانہ تنخواہ پر رکھنا چاہئے ۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ جب تک چیئرمین کو وزیر اعظم منتخب کرے گا، اس وقت تک پاکستان کرکٹ متاثر ہو گی۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بورڈ چیئرمین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ دیکھے کہ اس کی ناک کے نیچے کیا کچھ ہو رہا ہے ۔ ایک سوال پر راشد لطیف نے کہا کہ دو سال قبل انہوں نے عابد علی کو دریافت کیا تھا جب اس نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی جانب سے سنچری اسکور کی تھی۔ آسٹریلیا کیخلاف عابد علی کو ا س وقت موقع دیا گیا جب امام الحق بیمار پڑ گیا ورنہ عین ممکن تھا کہ عابد علی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مزید چند سال انتظار کرنا پڑتا۔ راشد لطیف نے اعتراض اٹھایا کہ چیئرمین پی سی بی کیوں سلیکشن کمیٹی، منیجنگ ڈائریکٹر اور کپتان کا اعلان کرتے ہیں جبکہ دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتاہے ۔ امید ہے کہ پی سی بی پیٹرن ان چیف عمران خان اس معاملے کو بھی دیکھیں گے۔