پنجاب گیمز میں شرکت کیلئے 280 کھلاڑیوں کا دستہ لا ہور روانہ
اکثریت کا تعلق پنجاب کالج سے ہے ،کھیلیں آ ج سے 6 اپریل تک جاری رہیں گی
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)کمشنر وقاص علی محمود نے کہا کہ کھیلیں مثبت سر گرمیوں کی طرف راغب کرتی ہیں اور کھیلوں کے انعقاد سے کھلاڑیوں میں سپورٹس مین سپرٹ کے جذبہ کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے کی لگن اور نیا ولولہ پیدا ہو تا ہے ، تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سر گرمیاں بھی انسانی شخصیت میں نکھار پیدا کر تی ہیں ، انہی ٹیموں میں سے جیتنے والے کھلاڑی پراونشل لیول کے مقابلوں کیلئے منتخب ہو ں گے جو گوجرانوالہ کیلئے اعزاز کا باعث بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سٹیڈیم سے کھلاڑیوں کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر سیف الرحمن نے کمشنر کو بتایاکہ پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام آج سے 6 اپریل تک جاری رہنے والی 72 ویں پنجا ب گیمز میں گوجر انوالہ ڈویژن سے سلیکٹ کی جانیوالی30 مختلف گیمز کے 280 کھلاڑیوں کو لاہور روانہ کیا جا رہا ہے ۔کھلاڑیوں میں اکثریت کا تعلق پنجاب کالج سے ہے ۔