موٹاپا روکنے کیلئے نیند کا کردار ورزش اور صحت مند غذا جتنا اہم
اس وقت بھی موٹاپا دنیا میں ہونے والی ہلاکتوں کے 10 بڑے اسباب میں سے ایک ہے اور اندازے کے مطابق 2050 تک موٹاپا ہلاکت کا باعث بننے والے 5 بڑے اسباب میں شامل ہو جائے گا۔
موٹاپے کو کم کرنے یا اس پر قابو پانے کیلئے ورزش اور صحت مند غذا کھانے کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق موٹاپے پر قابو پانے یا اسے بڑھنے سے روکنے میں نیند کا کردار بھی ورزش اور صحت مند غذا جتنا ہی اہم ہے۔
ماہرین کے مطابق نیند کی کمی جہاں بلڈ پریشر، دل کے امراض اور نظام ہاضمہ کی خرابی کا باعث بنتی ہے وہیں یہ موٹاپے کا بھی باعث ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر کوئی بھی شخص مکمل نیند کے بغیر موٹاپے کو کم کرنے کیلئے ورزش کرنے سمیت صحت مند غذا کا استعمال کرے گا پھر بھی اس کا موٹاپا کم نہیں ہو گا۔ماہرین کے مطابق پرسکون اور مکمل نیند نہ کرنے کے باعث سب سے زیادہ کم عمر افراد تیزی سے موٹاپے کا شکار بنتے ہیں۔ پر سکون نیند نہ کرنے سے بالغ افراد میں موٹاپے کے 55 فیصد امکانات بڑھ جاتے ہیں۔