خیریت سے ہوں، عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کا پرستاروں کو پیغام
پرائیڈ آف پرفارمنس معروف لوک گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے پرستاروں کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ الحمد للہ ! میں بالکل ٹھیک ٹھاک اور خیریت سے ہوں۔ گزشتہ دنوں میں بیمار ضرور ہوا تھا اور چند روز ہسپتال میں زیر علاج رہا۔ اب تندرست ہوں اور 13 اپریل کو دبئی شو کرنے جارہا ہوں۔ میری بیماری کی وجہ سے صرف ایک الحمرا والا شو نہیں ہوسکا تھا۔ اب میں ٹھیک ہوں۔ عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ کسی نے میرے انتقال کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر ڈال دی جس سے میرے پرستاروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو حکومت کی جانب سے ستارہ امتیاز کا ایوارڈ وصول کیا ہے جس کسی نے بھی میرے انتقال کی خبر دی ہے اللہ پاک اس کو بھی خوش وخرم رکھے میں اس کے لئے بھی دعا گو ہوں۔