بھارت مس ایڈونچر کی کوشش نہ کرے، پاکستان نے سخت وارننگ دیدی
485870 55358150 - بھارت مس ایڈونچر کی کوشش نہ کرے، پاکستان نے سخت وارننگ دیدی

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو اتوار کے روز دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کو کسی بھی مس ایڈوانچر کی صورت میں سخت وارننگ دے دی گئی۔ یہ وارننگ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کے بعد دی گئی۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو اتوار کے روز دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشیا سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی تھی۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری بااعتماد خفیہ معلومات کے مطابق بھارت سولہ سے بیس اپریل کے درمیان پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔ انڈیا نے اگر ایسا کچھ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو ہم یہ بتا رہے ہیں کہ ہندوستان ہم پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔ ہم امن کی خاطر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ سیاسی معاملات ایک طرف لیکن قومی سلامتی پر پوری قوم متحد اور ہماری افواج کا مورال بلند ہے۔