چینی زبان کا عالمی دن
محمد شاہد
۔20 اپریل کو ہر سال چینی زبان کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا آغاز اقوام متحدہ کی جانب سے 2010ء میں کیا گیا۔ چینی زبان کا پہلا عالمی دن 12 نومبر کو منایا گیا تھا لیکن اگلے برس اسے چینی کیلنڈر میں ’’گویو‘‘کی مناسبت سے 20 اپریل کو منایا جانے لگا۔ چینی لوگ ’’گویو‘‘ کم و بیش 20 اپریل سے کینگ جی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مناتے ہیں۔ گینگ جی چینی تاریخ کی ایک انتہائی اہم شخصیت ہے۔ روایات کے مطابق وہ قدیم چینی بادشاہوں کا سرکاری تاریخ دان تھا اور اسی نے پانچ ہزار برس قبل چینی ’’کیریکٹر‘‘ تخلیق کیے۔ کینگ جی کے بارے میں طلسماتی کہانیاں بھی مشہور ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اس کی چار آنکھیں تھیں۔ چینی زبان کا اولین تحریری ریکارڈ تین ہزار برس قدیم ہے۔ دنیامیں تقریباً سوا ارب افراد چینی زبان بولتے ہیں جو دنیا کی آبادی کا اندازاً 16 فیصد بنتا ہے۔ چین کے علاوہ یہ زبان سنگاپور، تائیوان اور مکاؤ میں بولی جاتی ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں میں چین نے بہت تیزی سے معاشی ترقی کی ہے اور اس کے کاروباری و معاشی روابط دنیا بھر کے ممالک سے استوار ہوئے ہیں۔ یوں چینی زبان کی اہمیت پہلے کی نسبت کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ چینی زبان کو سیکھنے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور یہ مختلف ممالک کے تعلیمی اداروں میں بھی پڑھائی جانے لگی ہے۔