نیند میں بہتری
مائیکل بلیک
اچھی نیند اچھی صحت و فلاح کے لیے بہت اہم ہے۔ اس سے عمر میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم مطلوبہ نیند پوری کرنے میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں، اس لیے ان کی نشان دہی اور انہیں اپنی زندگی سے ہٹانا بہت اہم ہے۔ ذیل میں اچھی نیند کے رہنما اصول بتائے گئے ہیں۔ معمول بنائیں: بستر میں جانے کا وقت مقرر ہونا چاہیے۔ یاد رکھیں ہر شخص کے لیے ایک جیسے اوقات موزوں نہیں ہوتے، اس لیے وہ معمول اپنائیں جو آپ کی نجی ضروریات اور رجحانات سے میل کھاتا ہو۔ گرم پانی سے نہانا، آرام دہ لباس پہننا اور مطالعہ کرنا اپنے جسم کو یہ بتانے کے اچھے طریقے ہیں کہ اب نیند کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ نیند کے اوقات معلوم کریں: تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آج کل زیادہ تر بالغ افراد سات گھنٹے سے بھی کم سوتے ہیں۔لیکن اس سے نیند کی شدید کمی پیدا ہو سکتی ہے۔ نیند کی ضرورت ہر شخص میں مختلف ہوتی ہے، تاہم زیادہ تر صحت مند اشخاص کو رات کے وقت سات سے نو گھنٹے نیند درکار ہوتی ہے تاکہ وہ دن کے وقت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ یہ معلوم کریں کہ آپ کو کتنی نیند کی ضرورت ہے اور اپنے جسم کی اندرونی گھڑی کے مطابق سونے کا وقت طے کریں۔ چھٹی کے دن زیادہ دیر بستر پر پڑے رہنے سے آپ کا معمول پورے ہفتے خراب رہ سکتا ہے۔ بستر اچھا ہونا چاہیے: گزشتہ کچھ عرصے سے سونے کے بہت اچھے بستر یا میٹرس دستیاب ہونے لگے ہیں۔ انہیں خریدنے سے پہلے اپنی ضروریات کو مدِ نظر رکھنا چاہیے۔ بستر کو آپ کی جسمانی ضروریات اور نیند کرنے کے طریقے کے مطابق ہونا چاہیے۔ ٹیکنالوجی کی مدد لیں: نیند پر ٹیکنالوجی کا مثبت اثر بھی پڑنے لگا ہے۔ بہت سی ویب سائٹس، آلات اور موبائل ایپس ہیں جو صحت اور نیند میں بہتری میں معاون ہوسکتی ہیں۔ انہیں انٹرنیٹ پر تلاش کیا جا سکتا ہے۔ درجہ حرارت مناسب ہو: سونے کے کمرے کے درجہ حرارت کو مناسب رکھنے کے لیے بھی ٹیکنالوجی کی مدد لی جا سکتی ہے۔ ائیرکنڈیشنر کی کولنگ اور پنکھے کی رفتار کو مناسب ہونا چاہیے۔ اچھی نیند کے لیے موزوں ترین درجہ حرارت 15 سے 19 سینٹی گریڈ ہے۔ آلات سے دور رہیں: آج کا معاشرہ بہت تیز رفتار ہے اور الیکٹرونک آلات سے دور رہنا مشکل ہے۔ موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور ٹیلی ویژن کی سکرین، یہ سب ان اوقات میں مداخلت کرتے ہیں جن میں آرام کیا جاتا ہے۔ نیند سے کم از کم 30 منٹ قبل کسی بھی ’’گیج اِٹ‘‘ سے دور رہیں۔ ورزش کریں: تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تیز چہل قدمی اور تیراکی سے نیند بہتر ہوتی ہے اور بے خوابی سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے۔ پٹھوں کی نمو والی ورزشیں نیند کے معیار کو بہتر بناتی ہیں، جبکہ یوگا سے جلد اور طویل نیند آتی ہے۔ پُرسکون ہوں: نیند سے قبل خود کو پُرسکون کرنا اور ذہن میں گردش کرنے والے خیالات سے چھٹکارا پانا اچھی اور پُرلطف نیند کو یقینی بناتا ہے۔ دباؤ کے ہارمونز مثلاً کورٹیسول کے اخراج سے دل کی رفتار، فشارِ خون اور جسمانی درجہ حرارت بڑھتا ہے، جس سے نیند میں دشواری ہوتی ہے۔ سونے کے وقت ہلکی پھلکی سرگرمیاں کریں، ماحول میں خاموشی یقینی بنائیں اور روشنی مدھم رکھیں۔ اس سے جسمانی نظام میں کورٹیسول کی مقدار گھٹ جائے گی۔ کاٹن کی شیٹ اور گہرے رنگ کے پردے بھی اس مقصد کے لیے خوب رہیں گے۔ صحت مند خوراک لیں: رات کے وقت کیفین والے مشروبات اور ثقیل کھانے سے دور رہیں۔ دن کے وقت لی گئی خوراک بھی رات کی نیند پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ وائٹ بریڈ، ریفائنڈ پاستا اور میٹھا ’’سیروٹونین‘‘ کی سطح کو کم کرتے ہیں جس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔ اچھی نیند کے لیے خوراک میں بادام اور اخروٹ، بیر، آلو بخارا، کشمش، اور آلوچہ مفید رہتے ہیں۔