چھوٹے بچوں کیلئے ٹی وی اور موبائل فون دیکھنے کی حد مقرر
پہلی مرتبہ عالمی ادارہ برائے صحت نے نومولود سے لے کر پانچ سال سے کم عمر تک کے بچوں کیلئے ٹی وی، ٹیبلٹ اور موبائل فون دیکھنے کی ایک حد مقرر کی ہے ۔
واشنگٹن(نیٹ نیوز) اس کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر بچہ 5 سال سے کم ہے تو اسے ایک گھنٹے تک سکرین دکھائی جاسکتی ہے جبکہ ایک سال سے کم عمر بچے کو سختی سے سکرین سے دوررکھاجائے ۔عالمی ادارہ برائے صحت اورامریکی اکادمی برائے اطفال کی ہدایات کی روشنی میں یہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں جنہیں اب ایک کانفرنس میں بھی پیش کیا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ نے باضابطہ طور پر کہا ہے کہ ایک سال سے کم عمر کے بچوں کی بصارت تشکیل پارہی ہوتی ہے اور اس لیے انہیں ایک منٹ کیلئے بھی ٹی وی یا سکرین کو دیکھنے نہ دیں جبکہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ سکرین دکھائی جائے ۔ بچے کو چپ کرانے کیلئے بار بار ٹیبلٹ یا فون دینے سے گریز کیا جائے ، ایک سال سے کم عمر بچوں کو بھرپور نیند بھی ملنی چاہیے ۔ ہاں اگر بچے کی عمر ایک سے دو سال ہوجائے تو سکرین ٹائم ایک گھنٹے سے بھی کم رکھا جائے جبکہ اسے کم ازکم تین گھنٹے کی کسی جسمانی سرگرمی یا کھیل میں مصروف رکھا جائے ۔