پی ٹی ایم کے کچھ افراد غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں: آرمی چیف
آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی ایم خود کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ آپریشن کے بعد پی ٹی ایم نے جن مسائل پربات کی وہ حقیقی اورقدرتی تھی۔ تنظیم کے کچھ افراد غیرملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ یہ افراد دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے جذبات سے دانستہ طور پر کھیل رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کے دوران آرمی چیف نے کور آڈیٹوریم میں مختلف جامعات کے طلباء سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ذہین اور قابل نوجوانوں سے مالا مال ہے۔ قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔ قربانیوں کے ثمرات سماجی اور اقتصادی ترقی کے ذریعے حاصل کیے جائیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے دیرپا امن کا قیام ہے، ہم دشمنوں کے تمام منصوبے ناکام بنا دیں گے، حکومت اورسکیورٹی فورسزقبائلیوں کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ دہشت گردی سےمتاثرہ افراد کو دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے مزید کہا کہ طلباء کسی بھی گمراہ کن پراپیگنڈہ میں نہیں آئیں گے اور ملکی روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر طلباء نے مسلح افواج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔