پٹرول مہنگا،فنکاربرادری بھڑک اٹھی ،حکومت پر شدید تنقید
1431680 55521228 - پٹرول مہنگا،فنکاربرادری بھڑک اٹھی ،حکومت پر شدید تنقید

مہنگائی بڑھے گی:غلام محی الدین ،حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کردیا:وسیم عباس وزیراعظم عمران خان غربت نہیں غریبوں کو ختم کررہے ہیں:حمیراارشد،ثنا فخر

لاہور(کلچرل رپورٹر)پٹرول مہنگا ہونے پر فنکار برادری بھی بھڑک اٹھی اور شدید دعمل کااظہار کیا ہے ۔سینئر اداکار غلام محی الدین کاکہنا ہے کہ اگر پٹرول مہنگا ہوتو تمام اشیا مہنگی ہو جاتی ہیں،پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف حکومت پر دباؤڈالتاہے ،یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے ،حکومت کو چاہئے کہ وہ جون میں آنے والے بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کرے ۔وسیم عباس کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ اس وقت کیا گیا ہے جب رمضان المبارک کی آمدآمد ہے جس سے ناجائز منافع خوروں کورمضان المبارک میں مزید مہنگائی کرنے کا موقع مل جائیگا ،عمران خان کی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے ،لوگ بھوکے مر نے لگے ،مہنگائی کی وجہ سے ہر شخص پریشانی کا شکار ہے ۔گلوکارہ حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں غربت کا خاتمہ کروں گالیکن وہ غریبوں کوختم کر رہے بلکہ جو غریب نہیں ہیں انہیں بھی غریب کر رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مہنگائی پر کنٹرول کرے ،اس وقت ہرشہری پریشانی کا شکار ہے ۔اداکارہ ثنافخر کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہرچیز مہنگی ہو جائیگی ،حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام سے کئے وعدے پورے کرے اور مہنگائی پر کنٹرول کرے ۔