یا رب ہے ناتواں پر تیری رحمتوں کا سایہ
تجھے حمد ہے خدایا تجھے حمد ہے خدایا
میں تیری عطا پہ قرباں تیری بندہ پروری ہے
مجھے نعت گو بنایا تجھے حمد ہے خدایا
صدقے میں مصطفی کے اتنی نوازشیں ہیں
بڑا اعلی بخت پایا تجھے حمد ہے خدایا
میری زندگی کا مقصد تیری حمد اُن کی مدحت
یہ ہنر بھی تجھ سے پایا تجھے حمد ہے خدایا
تیرے ذکر کی بدولت مجھے روشنی ملی ہے
بے حد سکون پایا تجھے حمد ہے خدایا
ان گنت نعمتوں پر تیرا شکر کرتے کرتے
سجدے میں سر جھکایا تجھے حمد ہے خدایا
ہو جائے ناز کی بھی تیری ذات تک رسائی
یہی من میں ہے سمایا تجھے حمد ہے خدایا
---