مکی آرتھر نے ٹریننگ سیشن میں قومی پلیئرز کی دوڑیں لگوا دیں
انگلینڈ کے سرد موسم میں پریکٹس کرنا کھلاڑیوں کیلئے کافی فائدہ مند ہے:قومی ہیڈ کوچ
ساؤتھمپٹن(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران قومی پلیئرز کی دوڑیں لگوا دیں جن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے سرد موسم میں پریکٹس کرنا پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا۔گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے جسمانی ورزش پر زیادہ زور دیا تاکہ انہیں حریف کا سامنا کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور بیشتر کھلاڑی میدان میں دوڑتے بھاگتے دکھائی دیئے جبکہ قومی کپتان سرفراز احمد نے کوچز کی زیر نگرانی وکٹ کیپنگ کی بہتری کیلئے بھی مشق کی۔ساؤتھمپٹن کے روز باؤل گراؤنڈ پر میڈیا سے گفتگو میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کیلئے وارم اپ میچز بہت اچھے رہے اور سرد موسم کے باوجود کرکٹرز نے اچھی کرکٹ کھیلی جس سے انہیں ماحول سے ہم آہنگی کا موقع ملا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ اوول میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں جو کچھ بھی ہوا وہ کافی مایوس کن تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل کنڈیشنز کے باوجود ان کی ٹیم نے اچھا سٹارٹ لیا لہٰذا امید ہے کہ آنے والے میچوں کے دوران کارکردگی بہتر ہو گی کیونکہ قبل از وقت انگلینڈ آمد پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے بہتر ثابت ہوئی ہے ۔ کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ موجودہ دور کی تمام ٹیمیں اچھی ہیں لیکن نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم کو بھی اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہے ۔