وزیراعظم عمران خان کی مبارکباد، مودی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار
492920 36710235 - وزیراعظم عمران خان کی مبارکباد، مودی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حالیہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی پر نریندر مودی کو مبارکباد دی جس پر انہوں نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ میں نریندر مودی اور ان کے اتحادیوں کو جیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ مودی کے ساتھ خطے میں امن اور ترقی کیلئے کام کرنے کی خواہش ہے۔
خیال رہے کہ بھارت الیکشن سے قبل غیر ملکی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اگر نریندری مودی پھر سے کامیاب ہو جاتے ہیں تو امن مذاکرات بحال ہونے کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا اگر کانگریس بھارتی انتخابات میں جیت سے ہمکنار ہوتی ہے تو شاید دائیں بازو کی جماعتوں کے ڈر کی وجہ سے وہ پاکستان کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کا حل تلاش کرنے میں تھوڑی جھجک کا شکار ہو۔ تاہم اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جیتتی ہے جو کہ خود ایک دائیں بازو کی جماعت ہے تو شاید کشمیر کے معاملے پر کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔
عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہو گا،یہ مسئلہ ابلتا ہوا نہیں رہ سکتا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میں تہہ دل سے آپ کی نیک خواہشات پر شکر گزار ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ میں نے ہمیشہ خطے میں امن اور ترقی کو ترجیح دی ہے۔