سحری میں قیمہ
رمضان میں سحری کے دوران کیا کھایا جائے یہ ہر روز سوچنا مشکل ہے، کوئی کہتا ہے اسے سحری کے وقت کھانا ہے جبکہ کسی کا ایسا ماننا ہے کہ انڈے کھانے سے روزے میں پیاس زیادہ لگتی ہے۔
ایسی صورتحال میں سحری کے لیے گھر والوں کے سامنے پیش کیے جانے والے پکوانوں کے آپشنز بہت کم رہ جاتے ہیں۔
تاہم اگر آپ کے گھر والے سحری کے دوران انڈے نہیں کھانا پسند کرتے اور سالن یا فیمے جیسی ڈشز کی فرمائش ہی کرتے ہیں تو مصالحے دار قیمہ بنا کر سب کا دل جیت لیں۔
اس ڈش کو محنت طلب سمجھ کر اکثر گھروں میں تیار نہیں کیا جاتا، مگر اس انداز کے قیمے کو تیار کرنا آسان ہے۔
اجزاء
قیمہ آدھا کلو ( ہاتھ سے بنا ہوا)
سرخ ٹماٹر 4 عدد (کاٹ لیں)
ہری مرچ 6 عدد (کاٹ لیں)
خشک پیاز ایک عدد بڑا (کاٹ لیں)
ہری پیاز ایک عدد (کاٹ لیں) صوابدیدی
ہرا دھنیا ایک گٹھی (کاٹ لیں)
دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ (ثابت بھی چل سکتا ہے)
لہن اور ادرک پاؤڈر یا پیسٹ حسب ذائقہ
نمک اور سرخ مرچ حسب ذائقہ
پودینہ حسب ذائقہ
کوکنگ آئل ایک کپ
ترکیب
سب سے پہلے ایک برتن میں پیاز کو بھن لیں
اس کے بعد بھنے پیاز میں لہسن، ادرک، سرخ مرچ، نمک، ٹماٹر اور قیمہ پکائیں۔
جب قیمہ آدھا پک جائے تو اس میں سفید زیرہ اور دھنیا شامل کرکے تھوڑا سا پانی ڈال کر دم کرلیں۔
جب تمام چیزیں پک جائیں تو قیمے کو اتارنے سے کم سے کم 5 منٹ قبل اس میں ہری مرچ، پودینہ اور ہرا دھنیا شامل کرکے قیمے کو تھوڑی دیر کے لیے پکائیں۔
آخر میں پلیٹوں میں نکال کر چاہیں تو گھر کی روٹی کے ساتھ نوش فرمائیں، چاہیں تو باہر سے نان منگوائیں۔