ججز کے اثاثے لندن نوٹری میں درج، ہائی کمیشن نے تصدیق کر دی
ججز سے متعلق معاملہ وزارت قانون کا دائرہ اختیار، ایسٹ ریکوری یونٹ کو تین ججز کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق شکایات ملیں، یونٹ نے چھان بین کرکے معلومات وزارت قانون کو بھیجیں۔
وزارت قانون اور ایسٹ ریکوری یونٹ کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ججز سے متعلق معاملہ وزارت قانون کے دائر اختیار میں آتا ہے، بیرون ملک اثاثوں کی اطلاع ملنے پر ایسٹ ریکوری یونٹ کاروائی کا پابند ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کو 3 ججز صاحبان کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق شکایات ملیں تھیں۔ معلومات ملنے پر ایسٹ ریکوری یونٹ نے چھان بین کی۔ ججز کے اثاثے لندن نوٹری میں درج ہیں جس کی ہائی کمیشن نے تصدیق کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت قانون نے ججز کے اثاثوں کی چھان بین کا کہا اور ہدایت کی کہ ججز کی بیرون ملک اثاثوں کی مکمل تفصیلات چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق ایسٹ ریکوری یونٹ نے ججوں کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق معلومات وزارت قانون کو بھیجیں۔ بیرون ملک اثاثوں کے دو ریفرنسز سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے ایف بی آر، نیب اور ایف آئی اے کے ساتھ مل کر معلومات اکٹھی کیں۔
وزارت قانون اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں کی نشاندہی کے لیے میکنزم کی ضرورت تھی۔ ایسٹ ریکوری یونٹ بیرون ملک اثاثوں کی نشاندہی کے لیے قائم کیا گیا۔ ایسٹ ریکوری یونٹ کا اقدام قانونی طور پر درست ہے۔