وزیراعظم سے سربراہ آئی ایس آئی کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
وزیراعظم عمران خان سے قومی سلامتی کے ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہی آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کا نیا ڈی جی مقرر کیا ہے۔ ان کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا جی ایچ کیو میں ایڈجوٹیننٹ جنرل، لیفٹیننٹ جنرل عامر عباسی کوارٹرز ماسٹر جنرل اور لیفٹیننٹ جزل معظم اعجاز جی ایچ کیو میں انجینئر ان چیف ہوں گے۔
جنرل فیض حمید کو رواں برس اپریل میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی اور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔
جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ لیں گے جو آٹھ ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018ء میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی اور اب انھیں کور کمانڈر گوجرانوالہ بنا دیا گیا ہے۔