زندگی بدلنے والی چھوٹی عادتیں
ارسطو نے کہا تھا، ہم وہی ہیں جو ہم بار بار کرتے ہیں۔ کامیابی اور خوشی کا سبب زیادہ تر اچھی عادات ہوتی ہیں۔ سب سے اہم وہ عادات ہیں جن کے مثبت اثرات پوری زندگی پرمرتب ہوتے ہیں۔ ذیل میں ایسی ہی مؤثر اور زندگی بدلنے والی چند اہم عادات کا ذکر کیا گیا ہے۔ جاگتے ہی ورزش: جاگنے کے فوراً بعد بغیر وزن اٹھائے کوئی ورزش کریں۔ ہر صبح چند منٹ کے لیے پش آپس، پلینک (Plank) کرنے یا ڈنڈ پیٹنے سے آپ ہشاش بشاش بھی ہو جاتے ہیں اور موٹاپے سے بھی بچ سکتے ہیں۔ اگر آپ جِم نہیں جا سکتے تو صبح 20 سے 30 منٹ ورزش کریں۔ کل کے کاموں کی فہرست: ہر شام کل کے کاموں کی فہرست مرتب کریں۔ شام کے وقت آئندہ کل کے کاموں کے بارے سوچنا مشکل تو ضرور محسوس ہوتا ہے لیکن منصوبہ بندی کے بغیر کارکردگی اچھی نہیں رہتی۔ سوشل میڈیا پر پیغام: سوشل میڈیا کی ویب سائٹ مثلاً فیس بک پر لاگ اِ ن کرنے کے بعد کسی ایسے فرد کو پیغام بھیجیں جس سے آپ نے عرصہ ہوا بات نہیں کی۔ اس طرح آپ پرانے دوستوں سے ازخود روابط برقرار رکھ سکیں گے۔ دن کے ابتدائی کام: جو کام ہو نہیں رہا اسے دن کے شروع میں کریں۔ جو کام لٹکے رہتے ہیں وہ ذہن میں سارا دن گردش کرتے رہتے ہیں۔ انہیں مکمل کر کے دن بھر پُرسکون ہواجا سکتا ہے۔ صبح کی روشنی: صبح اٹھتے ہی سورج کی روشنی اور تازہ ہوا سے لطف اندوز ہوں اوراپنے آپ کو پُرسکون کریں۔ اس طرح آپ دن کے دوران چاک و چوبند رہیں گے۔ دوسری کی غلطیوں سے اپنی تصحیح: دوسروں کی وہ عادات جو آپ کو ناپسند ہوں، ان کے بارے میں سوچیں کہ کہیں وہ آپ میں تو نہیں پائی جاتیں۔ دوسروں کی بدعادات کو اپنی درستی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سب سے بری صورتحال پر غور: اس امر پر غور کریں کہ کون سی صورت حال سب سے بری ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد سوچیں کہ اس کا حل کیا ہوگا۔ اس طرح سوچتے رہنے سے آپ مشکل ترین حالات سے نپٹنے کے قابل ہوں گے۔ جیسے ہیں، لباس ویسا پہنیں: لباس سے انسان کی پہچان ہوتی ہے۔ اگر آپ پروفیسر ہیں تو آپ کو اس پیشے کی مناسبت سے لباس پہننا چاہیے۔ لباس سے نہ صرف دوسرے آپ کو پہچانتے ہیں بلکہ فرد اپنے بارے میں بھی رائے قائم کرتا ہے۔ روزانہ کم از کم آٹھ گلاس پانی: بہت سے افراد پانی مطلوبہ مقدار میں نہیں پیتے۔ آپ ان میں شامل نہ ہوں۔ سبزیاں پہلے کھائیں: کھانا کھانے سے پہلے تھوڑی سی سبزیاں کھائیں۔ یہ سلاد کی صورت میں ہو سکتی ہیں۔ زیادہ تر لوگ اتنی سبزیاں نہیں کھاتے جتنی کھانی چاہئیں۔ سبزیا ں پہلے کھانے سے آپ زیادہ کھا کر غیرضروری حرارے لینے سے بھی محفوظ رہیں گے۔ دن میں دو بار مراقبہ: چاہے دو منٹ کے لیے ہی سہی، لیکن دن میں کم از کم دو بار مراقبہ کریں۔ اس سے آپ پُرسکون ، خوش اور تفکرات سے پاک محسوس کریں گے۔