اپوزیشن کا دباؤ کام کرگیا،زرداری اور خواجہ سعد کے پروڈکشن آرڈر جاری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیب کے زیر حراست ملزموں آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں، اب دونوں رہنما جمعرات کو اسمبلی اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔
قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا معاملے پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ اس مظاہرے میں نیئر بخاری، شیری رحمان، فیصل کریم کنڈی سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی اس وقت جانبداری دکھا رہے ہیں، انھیں غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ آصف زرداری سمیت چاروں ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں کیونکہ بجٹ اجلاس میں شرکت کرنا ارکان کا آئینی حق ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کو بچوں سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے ان کے بچوں کی طرف سے ملاقات کی درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سابق صدر کے بچوں کو اپنے والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی۔ آصف زرداری دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔
اجازت ملنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ اور بختاور نے اپنے والد آصف علی زداری سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق بلاول نے اپنی بہنوں کے ہمراہ نیب راولپنڈی میں اپنے والد سے ملاقات کی جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات کے بعد بلاول بھٹو ،آصفہ اور بختاور میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس زرداری ہاؤس چلے گئے۔