ندیم فلم انڈسٹری میں نئے آنیوالے لوگوں کے کام سے خوش
امید ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری جلداپناکھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی :سینئر اداکار
کراچی (سٹاف رپورٹر)لیجنڈ سینئراداکار ندیم نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں پاکستانی فلموں کا سینما گھروں پر بزنس کرنا خوش آئند امر ہے ، نئے آنے والے لوگ فلم انڈسٹری کیلئے اپنے طور پر اچھا کام کررہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی اور صلاحیتوں کا اعتراف کرنا وقت کا تقاضا اور ملکی فلم انڈسٹری کی بقاو استحکام کے لئے ضروری امر ہے ۔انہوں نے گزشتہ روز کراچی کے جدید ساحلی سینما گھر میں عید الاضحی کے دن ریلیز ہونے والی ہدایتکار عاصم رضا کی دوسری فیچر فلم پرے ہٹ لو کی تعارفی تقریب کے دوران روزنامہ دنیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اب ٹی وی ڈراموں سے فلم انڈسٹری تک کا سفر کرنے والے فنکاروں ، پروڈیوسرز اور ہدایتکار وں نے فلمسازی پر توجہ دینی شروع کردی ہے اورامید ہے کہ بہت جلد پاکستانی فلم انڈسٹری اپناکھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی ۔ اس موقع پر فلم کی ہیروئین مایا علی، شہر یار منور، زارا نور عباس، ثنا فخر، احمد بٹ ،یاسر حسین، فریحہ الطاف، ہدایتکار عاصم رضا، عرفان ملک اوردیگرافرادبھی موجود تھے ۔تقریب میں فلم کا ٹریلر بھی دکھایا گیا ،جسے وہاں موجود لوگوں نے بے حد پسند کیا اورفلم ’’پرے ہٹ لو ‘‘کو بڑی عید کا بڑا تحفہ قرار دیا ۔