ایشز سیریز: آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کیخلاف 34 رنز کی برتری
ایشز سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر 124 رنز بنا کر انگلینڈ کے خلاف 34 رنز کی برتری حاصل کر لی، باؤنڈری لائن پر کھڑے ڈیوڈ وارنر کو بال ٹمپرنگ کے طعنے سننے پڑے، فیلڈر کو مجبورا خالی ہاتھ اور پاکٹس دکھانا پڑیں۔
برمنگھم میں تاریخی سیریز ایشز کے افتتاحی ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان انگلینڈ نے 267 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز شروع کی، سٹار آل راؤنڈر بین سٹوکس پچاس رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اوپنر روری برنز 133 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جس سے ٹوٹل 374 تک پہنچ گیا۔
میچ کے دوران دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا، باؤنڈری لائن پر کھڑے ڈیوڈ وارنر کو بال ٹمپرنگ کی تلخ یاد دلائی گئی، دل جلے شائقین کی طرف سے آوازیں کسی گئیں، آسٹریلوی اوپنر کو مجبورا اپنے خالی ہاتھ اور پاکٹس دکھانا پڑی، یہ دلچسپ منظر خوب وائرل ہوا۔جواب میں مہمان آسٹریلیا کو 13 رنز پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا، ڈیوڈ وارنر 8 رنز پر آؤٹ ہوئے، بینکرافٹ بھی 7 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ عثمان خواجہ نے 40 رنز کا اضافہ کیا۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے تین وکٹ پر 124 رنز بنا کر میزبان انگلینڈ پر 34 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ سنچری میکر سٹیو سمتھ 46 رنز کے ساتھ چوتھے دن کا کھیل شروع کریں گے۔