جائنٹ پانڈا سوالاََ جواباََ
پانڈا ایک خوبصورت اور بھولا بھالا نظر آنے والا جانور ہے جس کا وطن وسطی چین ہے۔ اس کے بارے میں چند دلچسپ سوالات کے جوابات تلاش کرتے ہیں۔ یہاں پانڈا سے مراد جائنٹ پانڈا ہے۔ سوال: دنیا میں کتنے جائنٹ پانڈے ہیں؟ جواب: وسطی چین کے صوبے سی چوآن، شان زی اور گانسو میں اپنے فطری ماحول میں صرف 1,864 جائنٹ پانڈے رہتے ہیں۔ دیگر 500 پانڈے دنیا بھر کے چڑیا گھروں اور افزائشی مراکز میں ہیں۔ ان کی نسل کو بچانے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کے قدرتی ماحول، رویے، افزائش، بیماری اور پالنے کے طریقوں کو سمجھنے کی بھرپور کوششیں ہو رہی ہیں۔ سوال: جائنٹ پانڈے سیاہ و سفید رنگ کے کیوں ہوتے ہیں؟ جواب: اس سوال کا سائنسی جواب دینا خاصا دشوار ہے۔ تاہم اگر کوئی جائنٹ پانڈا خاموشی سے اور بغیر ہلے اپنے قدرتی ماحول میں بانسوں کے گھنے جنگل میں بیٹھا ہو تو کم و بیش ناقابلِ دید ہو گا۔ برف پوش پہاڑوں کی چوٹیوں پر بھی انہیں تلاش کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے امکان یہی ہے کہ ان کا سیاہ و سفید رنگ انہیں چھپنے میں مدد دیتا ہے جوقدرت نے انہیں عطا کیا ہے۔ جائنٹ پانڈا تنہائی پسند مخلوق ہے۔ کسی دوسرے پانڈے کو پہچاننے اور ان سے فاصلے قائم رکھنے کے لیے وہ ان دو رنگوں کے دھبوں کو استعمال کرتے ہیں۔ پانڈوں کی عمر کتنی ہوتی ہے؟ جائنٹ پانڈے کی عمر کا انحصار مختلف عوامل پر ہوتا ہے جیسا کہ خوراک کی فراہمی، رہنے کا مقام وغیرہ۔قدرتی ماحول میں پانڈے 1 اوسطاً 5 سے 20 برس جی پاتے ہیں۔ انسانی نگرانی میں ان کی عمر 25 سے 35 برس ہوتی ہے۔ ان کی زیادہ سے زیادہ عمر 38 برس ریکارڈ کی گئی ہے۔ پانڈے کو بڑا ہونے میں پانچ برس لگتے ہیں۔ ایک سے پانچ برس پانڈے کی ’’ٹین ایج‘‘ تصور کی جاتی ہے۔ پانچ سے 18 برس تک ان کا جوبن ہوتا ہے اور 18 برس کے بعد یہ بوڑھے ہو جاتے ہیں۔ پانڈے کی عادات کیا ہیں؟ جائنٹ پانڈے ٹھنڈا اور مربوط علاقہ پسند کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ گول مول سے ہوتے ہیں لیکن درختوں پر چڑھنے کی خوب صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے آباؤاجداد اسی صلاحیت کی بدولت شکاریوں سے محفوظ رہتے اور خطرات سے بچتے تھے۔ نر پانڈے سال میں تقریباً چھ سے سات کلومیٹر کے علاقے میں اپنی سرگرمیاں سرانجام دیتے ہیں اور ہر ماہ وہ اس رقبے کے نصف پر آتے جاتے ہیں۔ مادہ کی سرگرمی کا علاقہ چار سے پانچ کلومیٹر کے قریب ہوتا ہے تاہم وہ ماہانہ اس کے دسویں حصے پر آتی جاتی ہے۔ یہ آدھے دن سے زیادہ وقت خوراک کی تلاش اور کھانے میں گزارتے ہیں اور دن کا 40 فیصد سونے میں صَرف کرتے ہیں اور صرف دو فیصد کھیل کود میں۔ کیا پانڈے تیر سکتے ہیں؟ جی ہاں، پانڈے بہت اعتماد اور آسانی سے تیر سکتے ہیں۔ آپ شاید سمجھتے ہوں کہ پانڈے سست ہوتے ہیں، اس کے باوجود وہ بہت طاقت ور ہوتے ہیں اور بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف بانس کھاتے رہنے سے یقینا وہ موٹے ہو جاتے ہیں۔ البتہ پانڈے پانی میں زیادہ وقت نہیں بِتاتے کیونکہ وہ پانی کی مخلوق، جیسا کہ مچھلی،عموماً نہیں کھاتے، نہ ہی ان کے قدرتی ماحول میں دریا یا بڑے آبی ذخائر پائے جاتے ہیں۔ پانڈا بانس ہی کیوں کھاتا رہتا ہے؟ جائنٹ پانڈے کی 99 فیصد غذا جنگلی بانس ہے، موقع ملنے پر وہ کبھی کبھار چھوٹے چوہے، مچھلی یا انڈے کھاتے ہیں۔ انسانی نگرانی میں، جہاں انہیں چاول، سیب اور سبزیاں میسر ہوتی ہیں وہاں بھی وہ 75 فیصد بانس ہی کھاتے ہیں۔ یہ خاصا حیران کن اور یکتا امر ہے۔ جائنٹ پانڈے کا معدہ سادہ ہوتا ہے اور آنت بھی چھوٹی ہوتی ہے۔ اس وجہ سے وہ بہت سے دیگر پودے ہضم نہیں کر پاتے۔ ان کے قدرتی ماحول میں ہر جگہ بانس ہوتے ہیں۔ ڈی این اے کی بنیاد پر سائنس دانوں کا خیال ہے کہ پانڈے تقریباً 40 لاکھ برس قبل اس ماحول کے عادی ہو گئے تھے۔ اس دور میں اس علاقے کے زیادہ تر جانور ناپید ہو گئے اور پانڈے کے آباؤاجداد بانس کھانے پر مجبور ہوئے۔ اگرچہ بعد میں اردگرد کا ماحول بدل گیا لیکن پانڈے بانس ہی کے عادی بن کر رہ گئے۔