بنگلا دیش کو دوسرا ٹی ٹونٹی ہرا کر پاکستان نے سیریز جیت لی
t20.jpg
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو ہرا کر سیریز جیت لی۔ کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے شاندار نصف سنچریاں بنائیں۔ سیریز میں قومی ٹیم نے 0-2 سے برتری حاصل کر لی۔
بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ بنگال ٹائیگر کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا مگر محمد نعیم بڑا سکور نہ بناسکے اور بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، انہیں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
بنگال ٹائیگر کی دوسری وکٹ 22 رنز کے مجموعی سکور پر گری، مہدی حسن 9 رنز بناکر ہی ہمت ہار بیٹھے، بنگالی بلے باز محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تمیم اقبال اور لٹن داس نے تیسری وکٹ میں 21 رنز کی شراکت قائم کی، مگر لٹن داس بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹہر نہ سکے اور 8 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز عفف حسین تھے جو محمد حسنین کی گیند کا شکار بنے۔
بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم نے 136 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، بابر اعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا تو نوجوان بیٹسمین احسان علی سات گیندوں کھیلنے کے بعد صفر پر شفیع الاسلام کی گیند پر حریف کپتان محمود اللہ کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اچھی اننگز کھیلی، حفیظ نے 39 گیندوں پر ففٹی بنائی جبکہ کپتان نے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔قومی ٹیم نے ہدف 17 اوورز میں حاصل کر لیا۔ کپتان بابر اعظم 66جبکہ محمد حفیظ 67رنز بنائے۔ مہمان باؤلر صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
میچ کی خاص بات یہ بھی تھی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قذافی سٹیڈیم پہنچ کر میچ دیکھا، چیئرمین بنگلا دیش کرکٹ نظم الحسن اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس سے قبل پاکستان نے بنگلا دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ میچ کی خاص بات سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی شاندار ففٹی تھی۔
دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بابر اعظم (کپتان)، احسن علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر۔
بنگلا دیشی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، محمود اللہ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، محمد نعیم، نجم الحسن شانتو، لٹن داس، محمد متھن، عفیف حسین، مہدی حسن، امین الاسلام، مستفیض الرحمان، شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین اور حسن محمود۔