Results 1 to 2 of 2

Thread: شمعِ جمہوریت و مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ ۔۔۔۔ رانا اعجاز

  1. #1
    Join Date
    Nov 2014
    Location
    Lahore,Pakistan
    Posts
    25,276
    Mentioned
    1562 Post(s)
    Tagged
    20 Thread(s)
    Rep Power
    214784

    candel شمعِ جمہوریت و مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ ۔۔۔۔ رانا اعجاز


    شمعِ جمہوریت و مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ ۔۔۔۔ رانا اعجاز

    m1a.jpg
    تحریک پاکستان میں مادر ملت فاطمہ جناحؒ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آپ نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کے لئے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا اور انہیں منظم کر کے ان سے ہراول دستے کا کام لیا۔ آپ ہی کی بدولت برصغیر کے گلی کوچوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی تحریک قیام پاکستان میں سرگرم ہوئیں۔ اسی پر اکتفاء نہیں بلکہ آپ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی خدمت اور تحریک پاکستان میں عملی طور پر حصہ لے کر عظیم خدمات سر انجام دیں۔ جوں جوں قیام پاکستان کی منزل قریب آرہی تھی قائداعظمؒ پورے ملک کے دورے کررہے تھے، اس موقع پر آپ ان کے ساتھ ساتھ ہوتیں، بھائی کو اگر امت مسلمہ کی محرومی و غلامی بے چین کئے رکھتی تھی تو بہن اس عظیم بھائی کے بے چین دل کو سکون و راحت پہنچانے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرتی تھی۔ آپ نے دن رات قائداعظمؒ کے آرام و سکون کا خیال رکھا، قائداعظمؒ جدوجہد آزادی میں اس قدر مصروف تھے کہ انہوں نے اپنی گرتی ہوئی صحت کی بھی پروانہ کی، اس وقت محترمہ فاطمہ جناحؒ ان کی گرتی ہوئی صحت کیلئے بے حد فکر مند رہتیں اور بھرپور خیال رکھتیں، یہاں تک کہ محمد علی جناحؒ مکمل توجہ کے ساتھ تمام امور سرانجام دینے میں کامیاب رہے۔

    محترمہ سیاسی بصیرت میں اپنے بھائی قائداعظمؒ کی حقیقی جانشین تھیں، ایک ایسی بہن جس نے اپنی زندگی کو بھائی کی خدمت اور تحریک آزادی کے لیے وقف کر دیا تھا، جو قوم کی ماں کا لقب ’’مادر ملت‘‘ حاصل کر کے سرخرو ہوئیں۔ ممتاز صحافی مجید نظامی مرحوم نے ایک محفل میں فرمایا تھا کہ ’’مادرملت کا شمار پاکستان بنانے والوں میں ہوتا ہے۔ آپ نے پیرانہ سالی کے باوجود قائداعظمؒ کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کی دیکھ بھال کی، اگر آپ یہ خدمات انجام نہ دیتیں تو شاید پاکستان معرض وجود میں نہ آتا‘‘۔
    m1.jpg
    ایک موقع پر خود قائداعظمؒ نے اپنے سیکرٹری کرنل برنی سے اپنی عظیم بہن محترمہ فاطمہ جناحؒ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ’’وہ اپنی بہن کی سالہا سال کی پرخلوص خدمات اور مسلمان خواتین کی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کی وجہ سے ان کے انتہائی مقروض ہیں۔‘‘ایک اور موقع پر قائداعظمؒ نے اپنی بہن محترمہ فاطمہ جناحؒ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ’’جن دنوں مجھے برطانوی حکومت کے ہاتھوں کسی بھی وقت گرفتاری کی توقع تھی تو ان دنوں میری بہن ہی تھی جو میری ہمت بندھاتی تھی۔ جب حالات کے طوفان مجھے گھیر لیتے تھے تو میری بہن میری حوصلہ افرائی کرتی۔‘‘ محترمہ فاطمہ جناحؒ کی سیاسی خدمات کا اعتراف ان کے بھائی قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زبان سے ہونے کے بعد مزید کسی وضاحت کی ضرورت باقی نہیں رہتی ۔

    m2.jpg
    محترمہ فاطمہ جناحؒ نے مسلم لیگ کی مالی اعانت کے لئے خواتین سے کہا کہ وہ مینا بازاروں کا انعقاد کریں، اس طرح آپ کی تحریک پر مسلم خواتین نے مینا بازار لگانے شروع کردیئے۔ ان مینا بازاروں سے جو آمدن ہوتی تھی وہ مسلم لیگ کے فنڈ میں جمع کروا دی جاتی تھی۔ اپریل 1944ء میں محترمہ فاطمہ جناح نے لاہور میں ایک مینا بازار کا افتتاح کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ لوگوں نے ایک مینا بازار قائم کیا ہے، اس طرح عورتیں بھی اپنے مسلمان بھائیوں کا ہاتھ بٹا سکتی ہیں اور ہمارا یہ فرض ہے کہ قوم کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے ہم ان کی مدد کریں، ہاتھ بٹائیں اور حوصلہ افزائی کریں۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ ہماری بہنیں قوم کی اقتصادی حالت سدھارنے کیلئے ان کی مدد کریں گی‘‘۔ قائداعظمؒ کی زندگی میں مادر ملت ان کے ہمراہ موثر طور پر 19 سال رہیں یعنی 1929ء سے 1948ء تک اور وفات قائدؒ کے بعد بھی وہ اتنا ہی عرصہ بقید حیات رہیں یعنی 1946ء سے 1967ء تک لیکن اس دوسرے دور میں ان کی اپنی شخصیت کچھ اس طرح ابھری اور ان کے افکارو کردار کچھ اس طرح نکھر کر سامنے آئے کہ اس سے عصری سیاست و معاملات پر ان کی ذہنی گرفت نا قابل یقین حد تک مکمل اور مضبوط تھی۔

    ۔1965ء کے صدارتی انتخاب کے موقع پر ایوب خاں کی نکتہ چینی کے جواب میں مادر ملت نے کہا تھا کہ’’ ایوب فوجی معاملات کا ماہر تو ہو سکتا ہے لیکن سیاسی فہم و فراست میں نے قائد اعظمؒ سے براہ راست حاصل کی ہے اور یہ ایسا شعبہ ہے جس میں آمر مطلق نا بلد ہے‘‘۔

    m3.jpg
    اور پھر وقت اجل آ پہنچا، وہ 8 اور 9 جولائی 1967ء کی درمیانی شب تھی جب محترمہ فاطمہ جناحؒ سابق وزیراعلیٰ حیدرآباد دکن لائق علی کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹیں تو گھریلو ملازم سلیم کے بیان کے مطابق محترمہ اس روز بھی حسب معمول بہت خوش تھیں، انہوں نے کہا کہ وہ کھانا نہیں کھائیں گی لیکن کچھ پھل کھائے اور پھر قصر فاطمہ کی بالائی منزل پر سونے چلی گئیں، محترمہ کا اصول تھا کہ وہ روز صبح اٹھ کر چابیاں نیچے برآمدے میں پھینکا کرتیں تھیں جس سے ملازم کمروں کے تالے کھولتے۔ 9 جولائی کے روز مقررہ وقت تک چابیاں نہ آئیں تو گھر کا ملازم پریشان ہوا، اس کو تشویش لاحق ہوئی اسی اثنا میں ان کی دھوبن بھی پہنچ گئی جس نے کہا کہ خدا نخواستہ محترمہ کی طبیعت خراب نہ ہو، وہ فوری بھاگتی ہوئی قصر فاطمہ کے نیچے والے کمرے میں گئی جہاں چابیوں کا گچھا تھا، اتفاقاً ان میں سے ایک چابی محترمہ کے کمرے کو لگ گئی، دیکھا تو محترمہ اس دنیا دار فانی سے رخصت ہو چکی تھیں۔

    اس طرح 9 جولائی 1967ء کو محترمہ فاطمہ جناح مختصر علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ سبز ہلالی پرچم میں جب ان کا جسد خاکی قصر فاطمہ سے پولو گرائونڈ پہنچا تو وہاں پہلے سے ہی لاکھوں افراد کا مجمع موجود تھا جبکہ مزید لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا، جوان، بوڑھے، بچے اور خواتین زار و قطار اپنی مملکت کی ماں کا آخری دیدار کرنے کو ترس رہے تھے۔ تقریباً 12 بج کر 35منٹ پر ایچ خورشید اور ایم اے ایچ اصفہانی نے اپنے لرزتے ہاتھوں سے محترمہ کی میت کو قبر میں اتارا تو اس وقت لوگوں کی تعداد تقریباً 6لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔
    m4.jpg


    2gvsho3 - شمعِ جمہوریت و مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ ۔۔۔۔ رانا اعجاز

  2. #2
    Join Date
    Nov 2014
    Location
    Lahore,Pakistan
    Posts
    25,276
    Mentioned
    1562 Post(s)
    Tagged
    20 Thread(s)
    Rep Power
    214784

    Default Re: شمعِ جمہوریت و مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ ۔۔۔۔ رانا اعجاز

    2gvsho3 - شمعِ جمہوریت و مادرِ ملت فاطمہ جناحؒ ۔۔۔۔ رانا اعجاز

Posting Permissions

  • You may not post new threads
  • You may not post replies
  • You may not post attachments
  • You may not edit your posts
  •