تیل لگائیں، کم عمر نظر آئیں ۔۔۔۔ انیلا ثمن
Tail lagaein kam omar.jpg
ہماری روز مرہ زندگیوں میں استعمال ہونے والے مختلف چیزوں کے تیل بے پناہ خوبیوں کے حامل ہیں،ہر تیل کو استعمال کرنے کا اپنا طریقہ اور مختلف فوائد ہیں۔کوئی بھی تیل جب آپ کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے تو اس کا اثر چہرے پر بھی نظر آنے لگتا ہے
بات کریں ناریل کے تیل کی تو اس کا استعمال دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ناریل کے تیل کی ایک چھوٹی سی بوتل میں بھی کتنے بڑے راز چھپے ہوتے ہیں اس سے بہت کم لو گ واقف ہیں۔یہ تیل اپنی افادیت کے پیشِ نظر سینکڑوں طریقوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس تیل کے ہمارے جسم،چہرے اور بالوں پر انتہائی طاقت ور اثرات مرتب ہوتے ہیں۔آئیے آج ہم آپ کو ناریل کے تیل کے چند حیرت انگیز فوائد کے بارے میں بتاتے ہیں۔
خواتین کی سب سے بڑی پریشانی کا علاج ناریل کے تیل میں موجود ہے۔اس کے استعمال سے بڑھتی عمر کے ساتھ چہرے پر پڑنے والے ان نمایاں نشانات کو ہلکا یا غیر نمایاں کرنا انتہائی آسان ہے۔ناریل کا تیل اس کا سب سے بہترین علاج ہے اور یہ انتہائی تیزی اور آسانی کے ساتھ کام کرتا ہے۔نشانات کو کم کرنے کے لیے تھوڑ ا تیل لے کر متاثرہ حصوں پر رگڑیں اور پوری رات کے لیے لگا کر چھوڑ دیں۔ایک سے دو ہفتوں میں اس عمل کے متاثر کن نتائج سامنے آئیں گے۔
مختلف وجو ہات کی بنا ء پر جسم پہ پڑنے والے سٹریچ مارکس سے نجات حاصل کرنے کے لیے بھی ناریل کے تیل کا استعمال بہترین مانا جاتا ہے۔عموماً ان مسائل کا سامنا خواتین کو ہوتا ہے،جس کی وجہ سے ان کی جلد بد نما ہو جاتی ہے۔اس مسئلے سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے تھوڑی مقدار میں ناریل کا تیل لگانے سے نشانات ظاہر نہیں ہوں گے اور اگر متاثرہ حصوں پر لگایا جائے تو جلد ہی نشانات غائب ہو جائیں گے۔
اگر آپ کے بال دو شاخے اورد و منہ والے ہو رہے ہیں تو اس کا حل بھی زیادہ مشکل نہیں ہے۔تھوڑا سا ناریل کا تیل ہتھیلی پر رگڑ کر پورے بالوں پر پھیلا دیں اور سر میں کنگھی کر لیں۔اس بات کو یقینی بنائیں کہ تیل بالوں کی جڑوں اور سروں تک بھی لازمی پہنچنا چاہیے۔ساری رات بالوں میں تیل لگا رہنے دیں اور صبح اٹھ کر دھو لیں۔
اگر آپ لمبے اور خوبصورت بال چاہتی ہیں تو اس کے لیے بھی آپ ناریل کا تیل استعمال کریں۔تھوڑا سا تیل ہتھیلی پر رگڑ کر پورے بالوں میں لگائیں اور اچھی طرح کنگھی کر لیں ۔رات بھر تیل لگا رہنے دیں اور صبح اچھے شیمپو سے بال دھو لیں۔مسلسل استعمال سے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔اس کے علاوہ سر میں موجود جوئوں کے خاتمے کے لیے بھی ناریل کے تیل کا استعمال بہترین ہے۔سر میں ناریل کے تیل کی مالش سے بالوں کی خشکی اور سر کی جلدسے خارش کا خاتمہ ممکن ہے۔
اکثر افراد کو ناخن نہ بڑھنے کی شکایت ہوتی ہے۔اس مسئلے کا حل بھی ناریل کے تیل میں پوشیدہ ہے۔ناریل کا تیل ناخنوں کو تیزی سے بڑھانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔یہ ناخنوں پر لگانے سے ناخن نہ صرف مضبوط ہوتے ہیں بلکہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔
ناریل کے تیل میں جراثیم کش اثرات بھی پائے جاتے ہیں،اور یہ کیل مہاسے دور کرنے میں بھی مئوثر کردار ادا کرتا ہے۔اس کے استعمال سے آپ کی جلد نہ صرف کیل مہاسوں سے پاک ہوتی ہے بلکہ چہرے کو خوبصورتی بھی حاصل ہوتی ہے۔یاد رکھیں کہ کیل مہاسے بڑھتی عمر کی نشانیوں میں سے ایک ہیں لہٰذا چہرے کو دانوں سے پاک کر کے آپ جوان بھی نظر آئیں گی۔